• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

QED کے یوم تاسیس پر نوجوانوں کو ایوارڈز دیئے جائیں گے

بریڈ فورڈ (عبیدالرحمٰن مغل) شمالی انگلستان میں کام کرنے والی فلاحی تنظیم کیو ای ڈی امسال اپنی 30 ویں سالگرہ منا رہی ہے۔ اس موقع پراس فلاحی تنظیم نے یارکشائر میں مقیم ایشیائی افراد کے لئے The YAYA Award کا اعلان کیا ہے جس میں16 سے 30سال کے لڑکے اور لڑکیاں حصہ لے سکتے ہیں۔ اگر یہ افراد یارکشائر سے باہر مقیم ہیں تو ان کا ماضی میں اس علاقے سے تعلق بھی ہوسکتا ہے اور وہ بھی اس ایوارڈ کا حصہ بن سکتے ہیں۔ ایوارڈز یارکشائر کی یارک سینٹ جان یونیورسٹی کے تعاون سے دیئے جا رہے ہیں۔ یہ ایوارڈ 12 کٹیگریز پرمشتمل ہے جس کے لئے نامزدگی اپنے طور پر بھی کی جاسکتی ہے یا کوئی دوسرا شخص بھی آپ کو نامزد کرسکتا ہے۔ نامینیشن کی آخری تاریخ 5فروری ہے۔ نامینیشن آن لائن بھی کرائی جاسکتی ہے۔ ایوارڈ جیتنے والوں کا اعلان 2 اپریل کو کیو ای ڈی کے تیسویں سالانہ یوم تاسیس کے موقع پر کیا جائے گا۔ تقریب کے مہمان خصوصی لارڈ بچہارڈ اور ڈاکٹر محمد علی او بی ای ہوں گے۔ تقریب کی میزبان بی بی سی معروف پاکستانی پریزینٹر نورین خان ہوں گی۔ واضح رہے کہ کیو ای ڈی کی بنیاد ایک پاکستانی محمد علی او بی ای نے 1997 میں رکھی۔ یہ فلاحی تنظیم برطانیہ کے آٹھ لاکھ اقلیتی افراد کی معاشی اور سماجی حالت بہتر بنانے کے لئے گزشتہ 30سال سے کام کر رہی ہے۔ لٹل پاکستان کہلائے جانے والے برطانیہ کے شہر بریڈ فورڈ میں قائم فلاحی ادارے کے بانی محمد علی کو 1997 میں بریڈفورڈ یونیورسٹی کی جانب سے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری بھی دی گئی جبکہ سن 2000 میں ملکہ برطانیہ نے انہیں او بی ای یعنی آرڈر آف دی برٹش ایمپائر کے اعزاز سے بھی نوازا۔ ڈاکٹر محمدعلی او بی ای کا فلسفہ ہے کہ بلندمعیار زندگی کے لئے تعلیم اور روزگار انتہائی ضروری ہے اسی نظریئے کی بنیاد پر کیو ای ڈی ایشیائی اورپاکستانی کمیونٹی کا معیار تعلیم بلندکرنے اور انہیں اچھے روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے دن رات کوشاں ہے۔ کیو ای ڈی فائونڈیشن اب تک 35 ہزار سے زائد لوگوں کو ملازمت کے حصول اور تربیت میں مدد دے چکی ہے۔ کیو ای ڈی کی ایک ایسی مہم بھی چلا رہی ہے جو اسے دیگر اداروں سے ممتاز کرتی ہے۔ ادارہ نے ایشیائی و پاکستانی افراد اور اقلیتوں کو پالیسی ساز اداروں تک رسائی حاصل کرنے کی مہم چلائے ہوئے ہے جس میں کمیونٹی کو تربیت دی جاتی ہے کہ وہ حکومتی اداروں کے علاوہ ایسے بڑے اداروں میں ملازمت حاصل کرنے کی کوشش کریں جہاں پالیسیاں ترتیب دی جاتی ہیں۔ ادارے کی اس مہم اور ٹریننگ پروگرام کے نتیجےمیں ہزاروں افراد اعلیٰ ملازمتوں تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔ اس مہم کے نتیجے میں پالیسی ساز اداروں کو بھی تربیت دی گئی کے معاشرے کے اقلیتی اور محروم طبقات کو مساوی مواقع اور ملازمتیں فراہم کریں اس پروگرام سے برطانیہ کے ایک ہزار سے زائد بڑے اداروں نے
استفادہ کیا جس کے نتیجے میں ان کمپنیوں اوراداروں میں بہت بڑی تعداد میں اقلیتوں کو پالیسی ساز اور اعلیٰ عہدوں پر ملازمت ملی۔ کیو ای ڈی پاکستان میں بھی متعدد فلاحی پراجیکٹس پر کام کر رہی ہے جن میں غربت کے خاتمے کے لئے چلنے والا امدادی پراجیکٹ پاور ٹی ایلیوی ایشن پروگرام بھی شامل ہے۔ فلاحی ادارہ اس سال اپنے قیام کی 30 ویں سالگرہ منا رہا ہے۔
تازہ ترین