• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈاکو راج ، لوٹ مار کیلئے فلمی انداز، پولیس جیبیں بھرنے میں مصروف

کراچی ( خالد محبوب /اسٹاف رپورٹر) شہر بھر میں ڈاکو راج ، ملزمان نے لوٹ مار کیلئے فلمی اندازاپنا لیا، پولیس تماشائی بنی ہوئی ہے۔ اسنیپ چیکنگ کے نام صرف شریف شہریوںکو بلا جواز روک کر جیبیں بھرنے میں نظر آتی ہے ۔ ضلع وسطی کےعزیز آباد ڈویژن میں ڈاکو اور لٹیرے آزاد ، ڈی ایس پی عزیز آباد او ر ماتحت 3تھانوں جوہر آباد ،یوسف پلازہ اور عزیزآباد کے ایس ایچ اوز جرائم روکنے میں مکمل طورپر ناکام ہیں، صرف مخصوص اوقات میں پولیس گشت سے ملزمان بخو بی آگاہ ہو نے کے باعث بلا خوف شہریوں سے لوٹ مار کر کے باآسانی فرار ہو جاتے ہیں۔ واضح رہے کہ جوہر آباد ،یوسف پلازہ اور عزیز آباد تھانوں کی حدود میں 24گھنٹے کے دوران درجن سے زائد وارداتوں میں ڈاکوئوں نے شہریوں کو نقدی، قیمتی موبائل فون اور موٹر سائیکلوں سے محروم کر دیا، ستم ظریفی یہ ہے کہ پولیس لٹنے والے شہریوں کی ایف آئی آر تک درج نہیں کرتی۔ جوہر آبادتھانے کی حدود فیڈرل بی ایریا بلاک 14 شاہراہ پاکستان پر ڈاکوئوں کی فلمی انداز میں سڑک کے کنارے کار رکی ا بھی کار سوار گاڑی سے اتر ہی رہے تھے کہ ملزمان بھی پہنچ گئے پہلے ایک موٹرسائیکل پر سوار2 ، پھر مزید2ملزمان بھی آگئے اور مین سڑک پر کھلے عام اسلحے کے زور پر شہریوں اور پھر کار کی بھی تلاشی لی،چاروں ملزمان باآسانی واردات کرکے فرار بھی ہوگئے، یوسف پلازہ تھانے کی حدود فیڈرل بی ایریا بلاک16میں واقع بیکر ی میں2 مسلح ملزمان داخل ہوئے اورباآسانی نقدی اور 2موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے،قبل ازیں اسی علاقے میں ڈاکو فائرنگ کرتے ہوئے دن دہاڑے بھرے بازار میں بینک کی وین سے نقد رقم سے بھرا تھیلا چھین کر فرار ہوگئے تھے،اسی طرح ڈسٹرکٹ سینٹرل میں گاڑیوں سے بیٹریاں اور قیمتی چیزیں نکالنا معمول کی بات ہے اور یہ بھی پولیس کے لئے چھینا جھپٹی جیسی معمولی حرکت ہے ۔
تازہ ترین