• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عروج ممتاز نے رنجش اور حسد کی وجہ سے ثناء میر کو ورلڈ کپ ٹیم سے ڈراپ کیا، بتول فاطمہ

 بتول فاطمہ کی  جیو نیوز کے پروگرام اسکور میں سید یحیی حسینی سے گفتگو


بسمہ معروف کی قیادت میں پاکستان کی 15رکنی ٹیم آسٹریلیا میں منعقد ہونے والے آئی سی سی وویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے 31 جنوری کو روانہ ہورہی ہے، 21 فروری سے 8 مارچ تک کھیلے جانے والے ورلڈ کپ سے قبل وویمنز ٹیم آسٹریلیا میں وارم اپ میچ بھی کھیلے گی۔

سابق کپتان عروج ممتاز کی سربراہی میں کام کرنے والی وویمنز سلیکشن کمیٹی جس میں باقی دو سلیکٹرز اسماویہ اقبال اور مرینہ اقبال ہیں، انہوں نے ورلڈ کپ کے لیے جس ٹیم کا انتخاب کیا، اس میں سابق کپتان ثناء میر کا نام شامل نہیں۔

عروج ممتاز نے رنجش اور حسد کی وجہ سے ثناء میر کو ورلڈ کپ ٹیم سے ڈراپ کیا، بتول فاطمہ
قومی ٹیم کی سابق ٹیسٹ وکٹ کیپر سیدہ بتول فاطمہ نقوی

پاکستان کے لیے 120ون ڈے اور 106 ٹی 20 کھیلنے والی ثناء میر کو ڈراپ کئے جانے کے فیصلے پر حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے وویمنز ٹیم کی سابق ٹیسٹ وکٹ کیپر سیدہ بتول فاطمہ نقوی کہتی ہیں کہ یہ فیصلہ افسوسناک حد تک سمجھ سے باہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ کیسے ممکن ہے کہ آپ   آسٹریلیا ورلڈ کپ کھیلنے جا رہے ہوں اور ثناء میر جیسی تجربے کار کھلاڑی ٹیم کا حصہ نہ ہو۔

پاکستان کے لیے 2001ء سے 2014ء تک ایک ٹیسٹ 83 ون ڈے اور 45ٹی ٹوئنٹی کھیلنے والی بتول فاطمہ کہتی ہیں کہ سابق کپتان اور موجودہ چیف سلیکٹر عروج ممتاز ثناء میر سے حسد کرتی ہیں اور ان کا یہ فیصلہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

بتول فاطمہ جیو نیوز کے پروگرام اسکور میں سید یحیی حسینی سے گفتگو کر رہی تھیں, 2010ء میں گوانگزو (جاپان)میں ثناء میر کی قیادت میں ایشین گیمز جیتنے والی وویمنز ٹیم کی وکٹ کیپر کہتی ہیں کہ ثناء میر کی پاکستان وویمنز کرکٹ میں بڑی خدمات ہیں.

انہیں بین الاقوامی سطح پر وویمنز کرکٹ میں پاکستان کا سفیر کہتے ہیں اور افسوس عروج ممتاز ان کے ساتھ اپنی دوستوں کے ساتھ مل کر نا انصافی کر رہی ہیں جس کا چیئر مین پی سی بی احسان مانی کو نوٹس لینا چاہئے۔

بتول فاطمہ کا کہنا ہے کہ عروج ممتاز ثناء میر سے حسد کرتی ہیں ، اور یہ بات تب سے چلی آرہی ہے جب بورڈ نے ثناء جاوید کے بعد ثناء میر کو ان کی اہلیت اور صلاحیت دیکھتے ہوئے اہمیت دینا شروع کی  اور اب چیف سلیکٹر بننے کے بعد عروج ممتاز نے فارم اور فٹنس کو بنیاد بنا کر ثناء میر کو ورلڈ کپ کی ٹیم سے کپتان کی مرضی کے خلاف ٹیم میں شامل نہیں کیا، جو کہ سرا سر نا انصافی کے مترادف ہے۔

بتول فاطمہ نے کہا کہ بورڈ نے عروج ممتاز کو حد سے زیادہ نواز دیا ہے، وہ چیف سلیکٹر ہیں، کمنٹیٹر وہ بنی ہوئی ہیں، اور اب سنا ہے کہ وہ ورلڈ کپ کے دوران  آسٹریلیا جا رہی ہیں، یہ بات سمجھ سے باہر ہے کہ ٹیم منتخب ہو گئی، عروج ممتاز ورلڈ کپ میں جا کر کیا کر یں گی۔

تازہ ترین