• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل سے آسٹریلیا کے دورہ ٔپاکستان کی راہ ہموار ہوسکتی ہے، آسٹریلوی ہائی کمشنر

پی ایس ایل سے آسٹریلیا کے دورہ ٔپاکستان کی راہ ہموار ہوسکتی ہے، آسٹریلوی ہائی کمشنر


پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر ڈاکٹر جیوفری شا کاکہنا ہے کہ پاکستان میں آسٹریلین ٹیم کی آمد کی راہیں پی ایس ایل کے ذریعے ہموار ہوسکتی ہیں۔ پی ایس ایل میں کئی آسٹریلوی کھلاڑی کھیل رہے ہیں، جس سے اعتماد بہتر ہوگا۔

انہوں نے کراچی میں جاری قومی وویمن ٹیم کے کیمپ کا دورہ کیا اور خواتین کرکٹرز سے ملاقات میں ورلڈ کپ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

آسٹریلوی ہائی کمشنر منگل کی دوپہر نیشنل اسٹیڈیم کراچی پہنچے اور چیف سلیکٹر عروج ممتاز کے ساتھ پریکٹس میچ دیکھا۔ اس موقع پر انہوں نے خواتین کرکٹرز سے ملاقات بھی کی۔

حال ہی میں آسٹریلیا میں بگ بیش لیگ کھیل کر آنیوالی ندا ڈار سے جیوفری شا نے ان کے تجربے کے بارے میں بھی دریافت کیا، اُنہوں نے امید ظاہر کی کہ ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستانی خواتین اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گی۔

ایک سوال پر جیوفری شا نے کہا کہ آسٹریلوی ٹیم کی پاکستان آمد کا فیصلہ کرکٹ آسٹریلیا کو کرنا ہے، لیکن امید ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے ذریعے اس کی راہیں ہموار ہوں گی۔

اس موقع پر پاکستان ویمن سلیکشن کمیٹی کی سربراہ عروج ممتاز نے آسٹریلیا میں بش فائر سے ہونے والے نقصانات پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔

تازہ ترین