• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹی وی ڈراموں نےنوجوان نسل کو خراب کردیا،عبدالمجید ندیم

بر منگھم (پ ر) پاکستان میں ٹی وی پر دکھائے جانے والے ڈراموں نے نوجوان نسل کو خراب کردیا ہے۔پورا معاشرہ اخلاقی لحاظ سے دیوالیہ ہوچکا ہے۔ذرائع ابلاغ نظریہ پاکستان کی دھجیاں بکھیر رہے ہیں۔ وقت آگیا ہے کہ قوم کو دوبارہ نظریہ پاکستان سے آگاہ کیا جا ئے۔ ان خیالات کا اظہار تحریکِ کشمیر برطانیہ کے نا ئب صدر مفتی عبدالمجید ندیم نے ہینڈز ورتھ اسلا مک سنٹر برمنگھم میں ہفتہ وار پروگرام سے خصوصی خطا ب کرتے ہو ئے کیا ۔ انہوں نے کہابا نیِٔ پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ پاکستان میں ایک ایسا معاشرہ قائم فرمانا چا ہتے تھے جس کی بنیا د عدل و انصاف پر استوار ہو۔ایک ایسا معاشرہ جس میں مساوات،برابری اور حقوق و فرائض کی پاسداری کا خصوصی لحاظ رکھا جاتا ہو۔لیکن ستر سال گذرنے کے با وجود قائدِ اعظم ؒ کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہو سکا ۔انتہائی افسوس کا مقام ہے کہ پاکستان میں آج بھی سرمایہ داروں ، وڈیروں ، رشوت خوروں اور کرپٹ مافیا کا راج ہے اور اخلاقی بے راہ روی عروج پر ہے۔ مفتی عبدالمجید ندیم نے کہا آج ہر پارٹی کا سربراہ یہ کہہ رہا ہے کہ میں اور میری پارٹی قائدِ اعظم ؒ کے وژن اور نظریے کو لاگو کرنے کی جدوجہد کر رہی ہے لیکن ان کے قول و فعل میں زبردست تضاد ہے جس کی وجہ سے پاکستانی معاشرہ اخلاقی ، سما جی ،دینی اور سیا سی لحاظ سے شدید بحران کا شکا ر ہے ۔آج قائدِ اعظم ؒ کے دئیے گئے نظریات کی دھجیاں بکھیری جا رہی ہیں۔سیا ست میں موروثیت نے نا اہل قیادت کو رواج دیا ہے جس کی وجہ سے جمہوریت چند خاندانوں کی لونڈی بن کر رہ گئی ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطا لبہ کیا کہ ایسے تما م ڈراموں اور فلموں پر پابندی لگا ئی جا ئے جو پاکستان کی نظریاتی جڑوں کو کھوکھلا اور نوجوان نسل کو بے راہ روی کا شکا ر کر رہے ہیں۔
تازہ ترین