• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صدر ٹرمپ یوکرائن کی فوجی امداد روکنا چاہتے تھے ،جان بولٹن

واشنگٹن (اے پی پی) امریکہ کے قومی سلامتی کے سابق مشیر جان بولٹن نے ایک کتاب کے مسودے میں الزام عائد کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے سیاسی مخالف کے خلاف تحقیقات تک یوکرائن کی فوجی امداد روکنا چاہتے تھے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ بات امریکی خبر رساں ادارے نیویارک ٹائمز میں شائع کی گئی ایک رپورٹ میں بتائی گئی۔ رپورٹ کے مطابق جان بولٹن کے ایک غیرشائع شدہ مسودے میں صدر ٹرمپ نے جان بولٹن کو یوکرائن کی 391 ملین ڈالر کی فوجی امداد روکنے کی خواہش سے متعلق بتایا جب تک کہ وہ ڈیموکریٹک مخالف جوئے بیڈن کے خلاف تحقیقات میں مدد نہیں کرتے۔ رپورٹ شائع ہونے پر سینیٹ میں مواخذے کے مقدمے کے ہاؤس منیجر ایڈم سف نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ صدر ٹرمپ نے جان بولٹن کی گواہی کے لیے ہماری درخواست بلاک کر دی ہے اب دیکھنا یہ ہے کہ کیوں جان بولٹن صدر ٹرمپ کے دفاع سے براہ راست انکاری ہیں۔ ایوان نمائندگان کی سپیکر نینسی پیلوسی نے کہا کہ سینیٹ ریپبلیکنز کے جان بولٹن، دیگر گواہوں اور دستاویزات کو سننے سے انکار کرنا اب اور بھی زیادہ مشکل ہو گیا ہے لہٰذا انتخاب واضح اور صاف ہے کہ ہمارا آئین یا پردہ پوشی کرنا ۔ سینیٹ میں اقلیتی رہنما چک شومر نے سینیٹ ریپبلیکنز پر زور دیا کہ وہ مواخذے کے ٹرائل کے دوران گواہوں کی شہادت کو شامل کریں۔ واضح رہے کہ صدر ٹرمپ کو ان کے دفتر سے ہٹانے کے لیے 67 سینیٹرز یعنی دو تہائی اکثریت کی حمایت ضروری ہے۔
تازہ ترین