جوہانسبرگ (جنگ نیوز ) انگلینڈ نے جنوبی افریقا سے چوتھا اور آخری ٹیسٹ 191 رنز سے جیت کر سیریز 2-1 سے اپنے نام کر لی لیکن انگلش فاسٹ بولر اسٹورٹ براڈ پر پروٹیز کپتان فاف ڈو پلیسی سے الجھنے پر میچ فیس کے 15 فیصد جرمانے کے ساتھ ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دیا گیا ہے۔ پیر کو کھیل کے چوتھے دن اسٹیورٹ براڈ اور فاف ڈو پلیسی کے درمیان گرمی گرما ہوئی تھی۔ اس دوران براڈ نے بلند آواز میں نامناسب الفاظ ادا کیے جسے مائیک پر واضح طور پر سناگیا تھا۔براڈ کو 24ماہ کے دوران دوسری بار ڈسپلن کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا ہے۔ جنوبی افریقا اور انگلینڈ کے درمیان سیریز تلخ ماحول میں کھیلی گئی۔اس دوران مختلف وجوہ پر کاگیسو ربادا، جوز بٹلر، ورنن فلینڈر اور بین اسٹوکس کو سزائیں دی گئیں۔