• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

وفاقی کابینہ، زرداری، گیلانی اور شریف خاندانوں سے اضافی سکیورٹی اخراجات واپس لینے کا فیصلہ

زرداری، گیلانی اور شریف خاندانوں سے اضافی سکیورٹی اخراجات واپس لینے کا فیصلہ


اسلام آباد(اے پی پی) وفاقی کابینہ نے سابق وزراء اعظم محمد نواز شریف ، یوسف رضا گیلانی اور سابق صدرمملکت آصف علی زرداری کے کیمپ آفس، سکیورٹی ،انٹرٹینمنٹ اور غیر ملکی نجی دوروں پر استعمال ہونے والے اربوں روپے ایک ماہ میں وصول کرنے اور صدر اور وزیرِ اعظم کی تنخواہوں اور مراعات کے قانون میں ترمیم کی منظوری دیدی ہے۔

اس ترمیم کی رو سے اب صدر اور وزیرِ اعظم کی صرف ایک رہائش گاہ کو سرکاری رہائش گاہ کا درجہ دیا جائے گا‘صدراوروزیراعظم اب کیمپ آفس نہیں رکھ سکیں گے ‘ آئندہ کسی پبلک آفس ہولڈر بشمول صدر اور وزیرِ اعظم کے لئے ڈیوٹی فری گاڑی کی سہولت نہیں ہوگی۔

کم آمدنی والے افراد کے لئے پچاس لاکھ گھروں کی تعمیر کے حوالے سے وزارت ہاؤسنگ اورچینی کمپنی کے درمیان ایم او یو پر دستخط مؤخر کردیئے گئے۔

کابینہ نے پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن ایکٹ 1973، ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان آرڈیننس2002 اور سنٹرل بورڈ آف فلم سینسرز موشن پکچرز آرڈیننس 1979 میں ترامیم اور مختلف اداروں میں تعیناتیوں کی بھی منظوری دی۔

کابینہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک میں مہنگائی کی اجازت نہیں دی جائے گی اور اس کی روک تھام کے لئے ہر ممکنہ کوشش کی جائے گی،کابینہ نے چینی کی قیمت میں اضافے کے رجحان کا نوٹس لیتے ہوئے فیصلہ کیا کہ چینی کی قیمت میں اضافے کی روک تھام کے لئے چینی درآمد کی جائے گی۔ 

وزیراعظم عمران خان نے حتمی رپورٹ آنے پر گندم بحران کے ذمہ داران کے خلاف سخت کا رروائی کا عندیہ دیدیا۔

منگل کو وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کابینہ نے فیصلہ کیا کہ ماضی میں عوا م کے پیسوں سے سابق حکمرانوں اور ان کے بچوں کی عیاشیوں پر اٹھنے والے سارے اخراجات کا پیسہ وصول کیا جائے گا۔ 

کابینہ نے نورالحق (ممبر فنانس) اوگرا کو وائس چیئرمین آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی تعینات کرنے کی منظوری دی۔ 

ملک میں کم آمدنی والے افراد کے لئے پچاس لاکھ گھروں کی تعمیر کے حوالے سے وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس اور چین کی معروف کمپنی چائنا گزہوبا گروپ کمپنی لمیٹڈ ( China Gezhouba Group Company Limited)کے درمیان ایم او یو پر دستخط کرنے کی تجویز بھی زیر غور آئی۔ 

کابینہ نے وزارتِ ہاؤسنگ کو ہدایت کی کہ اس تجویزکا از سر نو جائزہ لیا جائے تاکہ جہاں اس عمل میں شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے وہاں ٹیکنالوجی ٹرانسفر کے ضمن میں ٹائم لائن پر مبنی لائحہ عمل واضح ہو۔ 

کابینہ نے ٹیکسٹائل کے شعبے میں کوریا سے تعلق رکھنے والی لوئٹے کمپنی جو کہ پاکستان میں ٹیکسٹائل کے شعبے میں کام کر رہی ہے، کو ایک دفعہ کے لئے بھارت سے چالیس ہزار میٹرک ٹن پیرا زائلین درآمد کرنے کی اجازت کی تجویز کے حوالے سے فیصلہ کیا کہ مشیر تجارت اس حوالے سے تمام موجود آپشنز پر غور کریں۔

نیشنل کمیشن برائے حقوق اطفال کے چیئرمین اور ممبران تعینات کرنے کی سمری واپس لے لی گئی ۔

تازہ ترین