• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین سے آیا پاکستانی طالبعلم آئسولیشن وارڈ منتقل


چین کےشہر وو ہان سے کراچی کے علاقے لیاری پہنچنے والے طالبعلم ارسلان کو ایک نجی اسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں منتقل کردیا گیا ہے جہاں پر وہ 14 دن تک قرنطینہ میں رہیں گے۔

محکمہ صحت  سندھ کے ایک اعلیٰ افسر نے دی نیوز کو بتایا کہ چین سے کراچی پہنچنے والے طالبعلم ارسلان کو جمعرات کے روز ہی اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا اور انہیں 14 دن کے لیے آئسولیشن وارڈ میں رکھنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ کہیں وہ تو کورونا وائرس سے متاثر نہیں ہیں۔

محکمہ صحت سندھ کے حکام کا کہنا تھا کہ ارسلان کی ناک سے رطوبت کا سیمپل لے کر قومی ادارہ برائے صحت اسلام آباد بھجوا دیا گیا ہے اور اگر وہاں سے سیمپل نیگیٹو آیا تو ارسلان کو اسپتال سے جلدی بھی ڈسچارج کیا جاسکتا ہےان کا کہنا تھا کہ ماہرین کے مطابق کورونا وائرس سے متاثرہ کئی اشخاص میں علامات ظاہر نہیں ہوتیں لیکن وہ دوسروں کو انفیکشن میں مبتلا کرنے کا سبب بن سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ حکومت جاپان کی جانب سے قومی ادارہ برائے صحت اسلام آباد کو کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے کٹس فراہم کردی گئی ہیں جس کے بعد اب قومی ادارہ برائے صحت 1000 سیمپلز کو ٹیسٹ کر سکتا ہےاس وقت چین کے شہر وہ ہان میں پانچ سو چالیس سے زائد پاکستانی طلبہ موجود ہیں اور حکومت پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ انہیں وہاں سے نہیں نکالا جائے گا۔

پاکستان میں ان طلبہ کو واپس بلانے کے لیے حمایت بڑھتی جا رہی ہے اور آج صبح پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر قیصر سجاد نے بھی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستانی طلبہ کو فوری طور پر ملک میں واپس لاکر قرنطینہ میں رکھا جائے اور کلیئرنس کے بعد انہیں گھر جانے کی اجازت دی جائے۔

تازہ ترین