• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور میں کام کرنے والے چینیوں کا طبی معائنہ


محکمہ صحت پنجاب نے کورونا وائرس کے خدشے پر لاہورمیں اورنج ٹرین سمیت دیگر منصوبوں پر کام کرنے والے چینی باشندوں کا طبی معائنہ شروع کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق لاہور میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنے والے چینی باشندوں کی ٹریول ہسٹری سمیت ان کے خاندانی کوائف بھی جمع کیے جارہے ہیں۔

اس موقع پر محکمہ صحت کی ٹیموں نے لاہور میں مقیم چینی باشندوں کی رہائش گاہوں کا بھی دورہ کیا ہے۔

محکمہ صحت پنجاب نے اپنے ایک بیان میں بتایا ہے کہ لاہور شہر میں مقیم چینی باشندے صحت مند ہیں اور ان افراد کے نزلہ، زکام ، بخار اور دیگر ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔


دوسری جانب ہانگ کانگ کے ماہرین کا کہنا ہے کہ انہوں نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ویکسین بنا لی ہے جبکہ اس ویکسین کے نتائج کا جائزہ لینے کے لیے ابھی کافی وقت درکار ہے۔

ہانگ کانگ کے ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ کم از کم ایک سال جانوروں پر تجربات کے بعد اس اینٹی کورونا وائرس ویکسین کی انسانوں پر آزمائش کی نوبت آ سکے گی۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس نے چین میں مزید 46 جانیں لے لی ہیں، جس کے بعد اس وائرس سے وہاں ہلاکتوں کی کل تعداد 259 ہو گئی ہے جبکہ چین بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 12 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔

چین میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے 14 صوبوں میں فروری کے دوسرے ہفتے تک چھٹیاں بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جن صوبوں میں چھٹیاں دی گئی ہیں وہ چین کی معیشت میں 70 فیصد کے قریب حصہ ڈالتے ہیں، بلومبرگ کے مطابق چین کی دو تہائی معیشت اس ہفتے بھی بند رہے گی۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق چین کی معیشت کو کوروانا وائرس کی وجہ سے بندش سے رواں سہ ماہی میں 60 ارب ڈالر تک کا خسارہ ہو سکتا ہے۔

ادھر امریکا نے چین سے آنے والے اپنے 195 شہریوں کو 14 روز الگ تھلگ رکھ کر ان کا معائنہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

امریکی ریاست کیلیفورنیا میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 7 تک پہنچ گئی ہے۔

پاکستان میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے صحت کے اجلاس میں وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ عالمی ادارۂ صحت نے خبردار کیا ہے کہ چین میں موجود پاکستانی شہریوں کو وطن واپس لائے تو کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو ممکن نہیں رہے گا۔

تازہ ترین