• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بازل صدیقی شہید تائی کوانڈو چیمپئن شپ


دسویں بازل صدیقی تائی کوانڈو چیمپئن شپ میں بوائر اور گرلز کے مقابلے اسماعیل اللّٰہ والا اسکول نے جیت لیے جبکہ اسپیشل بچوں کی ٹرافی کے وی ٹی سی کے نام رہی۔

سانحہ عاشور میں شہید ہونے والے بازل صدیقی کے نام سے جاری تائی کوانڈو چیمپئن شپ میں حصہ لینے والے پلیئرز کی تعداد میں ہر سال اضافہ ہورہا ہے مسلسل دسویں چیمپئن شپ میں درجنوں اسکولز کے ایک ہزار سے زائد طلبہ اور طالبات نے حصہ لیا اور اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔

چیمپئن شپ کی خاص بات اسپیشل بچوں کی شرکت ہے، ہر سال کی طرح اس سال بھی مختلف اسکولز کے اسپیشل بچوں نے چیمپئن شپ میں حصہ لیا اور مختلف داؤ پیچ دکھا کر خوب داد سمیٹی، چیمپئن شپ میں حصہ لینے والے تین اسپیشل بچے جاپان میں ہونے والی چیمپئن شپ میں فاتح رہے تھے۔

تقریب کے مہمان خصوصی متحدہ قومی موومنٹ بحالی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار تھے جبکہ صدارت سابق نگراں وزیر کھیل ڈاکٹر جنید علی شاہ نے کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ یہ کھلاڑی اس شہر کی اصل پہچان ہیں، چیلنج قبول کرنے والے ہی عملی زندگی میں بھی کامیاب رہتے ہیں، مسلسل دس سال سے جاری چیمپئن شپ کے نتیجے میں اچھے پلیئر سامنے آرہے ہیں۔

ڈاکٹر جنید علی شاہ نے کہا کہ چیمپئن شپ سے سامنے آنے والے اسپیشل بچوں کا جاپان جا کر گولڈ میڈل جیتنا قابل فخر بات ہے۔

مہمانوں نے چیمپئن شپ کی فاتح اور رنر اپ اسکولز میں ٹرافی تقسیم کی جبکہ بلیک بیلٹ کھلاڑیوں کو شیلڈز دیں۔

بازل صدیقی شہید تائی کوانڈو چیمپئن شپ میں گرلز کے مقابلوں میں سیکنڈ پوزیشن الائیڈ اسکول جبکہ بوائز کے مقابلوں میں وائٹ ہاؤس گرامر اسکول کی رہی جبکہ اے بی ایس گرامر اسکول تیسری پوزیشن کا حقدار ٹھہرا۔


تازہ ترین