وزیراعظم عمران خان اور ترک صدر رجب طیب اردوان کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی ہے، جس میں دوطرفہ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
واضح رہے کہ ترک صدر طیب اردوان وزیر اعظم عمران خان کی دعوت پر دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان تشریف لائے ہوئے ہیں۔
ترک صدر نے آج کا دن وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ گزارا اور اسلام آباد میں پاک ترک بزنس فورم کی تقریب میں شرکت بھی کی۔
پاک ترک بزنس فورم سے اپنے خطاب میں اردوان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے دوسرے گھر پاکستان میں آکر بہت خوش ہیں، پاکستان کے ساتھ معاشی تعلقات اور تجارت کو بڑھانا چاہتے ہیں۔
ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ پاکستان اور ترکی بہت سے شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرسکتے ہیں، میں پاکستانی بھائیوں کو ترکی میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تجارتی حجم کو 5 ارب ڈالر تک لے جانا چاہتے ہیں، ہم جانتےہیں کہ پاکستان میں آگے بڑھنے کی صلاحیت موجود ہے، دفاع کے شعبےمیں ترکی اور پاکستان کے تعلقات مضبوط ہوئے ہیں۔
ترک صدر ادروان کا کہنا تھا کہ ترکی میں جوان اور باصلاحیت افرادی قوت موجود ہے، پاکستان کے لوگ علاج معالجے کے لیے مغرب کی جانب دیکھتے ہیں، جبکہ ترکی میں مغرب سے کہیں زیادہ جدید علاج کی سہولتیں موجود ہیں۔