پشاور(نیوزڈیسک)صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور اور انسانی حقوق سلطان محمد خان نے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج درگئی چار سدہ کا دورہ کیا اور کالج میں مہیا کی گئی تعلیمی سہولیات سمیت نو تعمیر شدہ عمارت کا جائزہ لیا۔دریں اثناء کالج کی پرنسپل نے وزیر قانون کو سہولیات بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ دورے کے دوران محکمہ سی این ڈبلیوکے حکام کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔وزیر قانون نے کالج کے تمام کلاس رومز کا معائنہ کیا۔اس موقع پر وزیر قانون نے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ کالج میں تمام سہولیات کیساتھ ساتھ کنسٹرکشن کا باقی ماندہ کام جلد از جلد مکمل کیا جائے اور کسی بھی تاخیر کی صورت میں متعلقہ حکام کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت نے تعلیمی بجٹ میں اضافہ کیا ہے اور قوم کے نوجوانوں کو اعلیٰ معیار کی تعلیم کی فراہمی کے لئے سنجیدگی سے اقدامات کر رہی ہے۔