• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تمام غیرملکی کرکٹرز کو ریاست کے مہمان کا درجہ دیدیا گیا، خصوصی سیکیورٹی کی ہدایت

کراچی (اسٹاف رپورٹر) حکومت پاکستان نے پی ایس ایل میں حصہ لینے والے غیرملکی کھلاڑیوں کو اسٹیٹ گیسٹ کا درجہ دے دیا ہے۔ یہ فیصلہ وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر کیا گیا ہے۔ پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ غیرملکی میچ آفیشلز، میڈیا نمائندگان اور سیکیورٹی کنسلٹنٹ کو بھی اسٹیٹ گیسٹ کا درجہ دے دیا ہے اس حوالے سے تمام صوبائی چیف سیکرٹریز، چیف کمشنر، آئی جیز اور دیگر حکام کو ہدایات جاری کردی گئی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کیلئے آنے والے تمام غیرملکی ہمارے مہمان ہیں۔ ان تمام مہمانوں کی خصوصی سیکیورٹی کی جائے، پی ایس ایل کے میچز لاہور، کراچی، راولپنڈی اور ملتان میں کھیلے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ شروع ہونے میں اب تین دن باقی رہ گئے ہیں ۔ شائقین ایونٹ میں زبردست دلچسپی لے رہے ہیں۔ اتوار کو نیشنل اسٹیڈیم کے باہر تماشائیوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ تماشائی اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کی ایک جھلک دیکھنے کے لئے بے تاب تھے اور اسٹیڈیم کے باہر نصب کی گئی تصاویر کے سامنے تصاویر اور سلفیاں بنوارہے تھے۔ شائقین میں زبردست جوش و خروش پایا جاتا ہے اور وہ بے تابی سے اپنے اسٹار پلیئرز کو ایکشن میں دیکھنے کا انتظار کر رہے ہیں۔ دوسری جانب غیر ملکی کھلاڑیوں کی پاکستان آمد کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا ہے۔ آسٹریلوی آل راؤنڈر شین واٹسن کے ساتھ ساتھ کراچی کنگز کے غیر ملکی پلیئرز بھی کراچی پہنچ چکے ہیں، کنگز کے کیمرون ڈیلپورٹ، مچل میک لینگھن اور اسسٹنٹ کوچ جوہن بوتھا پاکستان کی سرزمین پر قدم رکھے چکے ہیں۔ کراچی کنگز کے جارحانہ بیٹسمین ایلکس ہیلز اور خطرناک وکٹ کیپر بیٹسمین والٹن بھی ٹیم کو جوائن کر چکے ہیں۔ ڈین جونز بھی کراچی میں ہیں۔جنوبی افریقا کے ڈین ولاز نے لاہور قلندرز کو جوائن کر لیا ہے۔ پاکستانی شائقین کرکٹ اسٹارز سے مل رہے ہیں۔ اسلام آباد یونائیٹڈکے کھلاڑیوں کے ساتھ پرستاروں سے ملے اور سیلفیاں بنوائیں۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اس سال پی ایس ایل میں کسی بھی کھلاڑی کے پہلے انتخاب میں جیسن روئے کو حاصل کیا جس سے ان کی اہمیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ شین واٹسن نے پی ایس ایل کے پہلے دو سیزن اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کی جس کے بعد وہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شامل ہو گئے۔ یہ دونوں ٹیمیں پی ایس ایل کی فاتح بنیں جن میں واٹسن کی کارکردگی قابل ذکر رہی خصوصاً گزشتہ برس وہ ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی اور بہترین بیٹسمین قرار پائے تھے۔ شین واٹسن پی ایس ایل میں سب سے زیادہ مجموعی رنز اور چھکوں کے ریکارڈ میں کامران اکمل کے بعد دوسرے نمبر پر ہیں۔نیوزی لینڈ کے کولن منرو کی میچ کا نقشہ کسی بھی وقت بدلنے کی اسی خصوصیت کی وجہ سے اسلام آباد یونائیٹڈ نے انھیں پی ایس ایل کے اس سیزن کے لیے حاصل کیا ہے۔اسلام آباد یونائٹڈ ایک بڑے ا سکور کے لیے لیوک رونکی اور کولن منرو کے ساتھ ساتھ کولن انگرم پر بھی نظریں لگائے ہوئے ہے۔ ویسٹ انڈین کیرون پولارڈ پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کی طرف سے کھیلنے کے بعد گزشتہ برس پشاور زلمی میں شامل ہوئے ہیں۔ کرس لین کو دو برس قبل بھی لاہور قلندرز نے حاصل کیا تھا لیکن پی ایس ایل سے پہلے وہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ میں اپنا کندھا فیلڈنگ کے دوران زخمی کروا بیٹھے تھے جس کی وجہ سے وہ پی ایس ایل اور آئی پی ایل نہیں کھیل پائے تھے۔ اس بار وہ تمام تر توجہ کا مرکز ہیں۔ جنوبی افریقی فاسٹ بولر ڈیل اسٹین پاکستان سپر لیگ میں کتنے کامیاب ہوں گے؟ اس کا انحصار ان کی فٹنس پر ہو گا۔ وہ2007کے بعد پاکستان آرہے ہیں۔

تازہ ترین