• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یاسین ملک کی رہائی کیلئے عالمی عدالت انصاف میں اٹھائی جائے، تحسین گیلانی

وٹفورڈ (نمائندہ جنگ) جموں کشمیر لبریشن کے صدر سید تحسین گیلانی نے اور یو کے فرنٹ کے سابق صدر صابر گل نے جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری انٹونیو گوتریس سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جیل میں نظر بند جموں کشمیر لبریشن کے چیرمین یاسین ملک،سید اسد گیلانی، عمر فاروق و دیگر کی رہائی کے لئے بھارت کے خلاف عدالت انصاف میں آواز اٹھائے۔ اقوام متحدہ پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ بھارت کے خلاف جنگی جرائم کے تحت مقدمہ چلائے۔ رہنماؤں نے کہا کہ بھارت نے 5اگست کے بعد ریاست کی خصوصی حیثیت ختم کر کے کشمیری عوام پر کالے قوانین مسلط کر رکھے ہیں۔ سید تحسین گیلانی نےیو این جنرل سیکرٹری سے مطالبہ کیا کہ وہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے چارٹر کو مدنظر رکھتے ہوئے اقوام متحدہ کی زیر نگرانی چیئرمین جموں کشمیر لبریشن فرنٹ یاسین ملک کی رہائی کے لئے عالمی عدالت انصاف میں کمیشن قائم کرے۔ بھارت کے حکمرانوں نے آزادی کی پاداش میں یاسین ملک کو بلا جواز جیل کی سلاخوں کے پیچھے قید کر رکھا ہے۔ مسلسل اسیری کے باعث ان کی صحت انتہائی خراب ہے۔ سید تحسین گیلانی نے کہا کہ یاسین ملک کی جدوجہد آزادی پر امن ہے۔ اس سے قبل سابق وزرائے اعظم من موہن سنگھ، واجپائی اور دیگر وزرائے اعظم مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے مذاکرات کرتے رہے ہیں۔ سید تحسین گیلانی وزیراعظم پاکستان عمران خان، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری کو آزاد کشمیر اسمبلی میں خطاب کی دعوت دیں۔ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے سابق صدر صابر گل نے کہاکہ آزاد کشمیر گورنمنٹ اور کشمیری جماعتوں پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ کے وہ مقبوضہ کشمیر میں جیلوں میں نظر بند حریت پسندوں کی رہائی کےلئے اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری انٹونیو گوتریس کو پٹییشن دیں۔ انہوں نےکہا اقوام متحدہ پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے سہہ فریقی مذاکرات کےلئے عملی اقدامات کرے۔ 
تازہ ترین