• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران کی پشت پر امریکا اور یورپ، اپوزیشن کو ایک جگہ جمع کیا کسی نے ساتھ نہیں دیا، فضل الرحمٰن

 اپوزیشن کو ایک جگہ جمع کیا کسی نے ساتھ نہیں دیا


چارسدہ (نمائندہ جنگ، نیوز ڈیسک) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکھٹا کیا مگر میرا ساتھ کسی نے نہیں دیا، جعلی الیکشن کی کوکھ سے ناجائز حکومت کو پیدا کیا گیا۔

سیاسی لحاظ سے دھاندلی کی پیداوار ناجائزو غیر آئینی حکومت نے 22کروڑ عوام کا مستقبل دا پر لگا دیا ہے، ڈمی کپتان کی حکومت ختم کرکے دم لوں گا، جعلی الیکشن کراکر ناجائز حکومت بنائی گئی، عمران خان کی پشت پر امریکا اور یورپ کھڑا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چارسدہ میں عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے زیر اہتمام جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مولانا فضل الرحمٰن نے موجودہ حکومت خود کو شیر پکارتی رہی مگر جے یوآئی نے چوہا بنا دیا ۔ 70سال میں اتنے قرضے نہیں لئے گئے جتنے 18مہینے میں موجودہ حکومت نے لئے ہیں ۔

ملک کی معاشی صورتحال تباہ ہو چکی ہے۔ نت نئے ٹیکسوں اور آسمان کو چھوتی مہنگائی نے عوام کو خو د کشیوں پر مجبور کیا ہے ۔ مختلف لوگوں نے مجھ سے رابطہ کر کے غربت کی وجہ سے ڈی چوک میں خود سوزی کرنے کی دھمکی دی ہے ۔ 

آج سرکاری ملازمین کو تنخواہوں کیلئے قومی خزانے میں کچھ نہیں۔ ایک کروڑ نوکریاں دینے کی بجائے 25لاکھ نوجوانوں کو ملازمتوں سے فارغ کیا گیا ۔ 50لاکھ گھر بنانے کا دعوی کرنے والے کپتان نے غریبوں کے گھر مسمار کر دئیے۔ 

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ سیاسی لحاظ سے دھاندلی کی پیداوار ناجائز اور غیر آئینی حکومت نے 22کروڑ عوام کا مستقبل دائو پر لگا دیا ۔ جے یوآئی نے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکھٹا کیا مگر میرا ساتھ کسی نے نہیں دیا ۔

تازہ ترین