• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صوبے کے عوام اجتماعی مسائل کے حل کے لیے متحد ہوجائیں ،بی این پی

کوئٹہ (آئی این پی ) بلوچستان نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے زیراہتمام ہزارہ ٹاؤن علاقائی دفتر میں سیاسی وسماجی کارکن اسحاق حیدری ہزارہ کی ساتھیوں کے ہمراہ بی این پی میں شمولیت کے موقع پر شمولیتی پروگرام منعقد ہوا۔جس میں اسحاق حیدری ہزارہ نے اپنے ساتھیوں سمیت باقاعدہ طورپر بلوچستان نیشنل پارٹی میں شمولیت کااعلان کیا۔ شمولیتی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی ہیومن رائٹس سیکرٹری موسیٰ بلوچ ،مرکزی کمیٹی کے ارکان غلام نبی مری ،چیئرمین جاوید بلوچ، ضلعی سینئر نائب صدر ملک محی الدین لہڑی ،نائب صدر طاہر شاہوانی ،ممتاز سیاسی کارکن ابراہیم ہزارہ ،مبارک علی ہزارہ ،نعمت ہزارہ نے اسحاق حیدری کو ساتھیوں سمیت پارٹی میں شمولیت کرنے پرمبارکباد پیش کرتےہوئے کہاہےکہ وقت اور حالات کا تقاضا ہے کہ صوبے کی تمام زبانوں ،علاقوں ،نسلوں سے تعلق رکھنے والے صوبے کے اجتماعی ،قومی ،سیاسی ،معاشی ،سماجی مسائل اور حقوق کے تحفظ کیلئے پارٹی کے قائد سرداراخترجان مینگل کی قیادت میں متحد اور منظم ہوکر بی این پی کے پلیٹ فارم پر جمع ہوجائیں ،متحد ومنظم ہوئے بغیر ہم کسی بھی صورت میں اپنے مسائل حل نہیں کرسکیں گے۔انہوں نے کہاکہ آج ملکی وبین الاقوامی سطح کی ملٹی نیشنل کمپنیوں کی نظریں ہماری قدرتی دولت ،ساحل وسائل پر جمی ہوئی ہیںانہیں ہماری جہالت ،غربت ،معاشی تنگ دستی ،بے روزگاری اور دیگر بنیادی وانسانی حقوق کی فراہمی سے کوئی سروکار نہیںوہ مزید ہمیں استحصال کا شکار بنا کر نان شبینہ کامحتاج بنا نا چاہتی ہیں۔ ہمارے وسائل لوٹ کر اپنی گرتی ہوئی معیشت کوتقویت دیناچاہتے ہیں اور اپنی بڑھتی ہوئی آبادی کو ہماری سرزمین پر آباد کرکے یہاں کے حقیقی سن آف سوائل کو اقلیت میں بدلنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بلوچ پشتون ،ہزارہ اور یہاں کے آبادکاروں کے صوبے کے وسائل پر حقوق برابر ہیں لہٰذاء یہاں پر آباد قومیں بلوچستان کو اس گھمبیر صورتحال سے نکالنے کیلئے اپنا بھرپور کردار اداکریں۔ اس موقع پر ملا مہدی ہزارہ ،حیدر لاشاری ،حبیب الرحمن شاہوانی ،رضا زاہدی ہزارہ ،علی احمد ہزارہ ،شریف جمال ہزارہ اور ننھے جواد علی ہزارہ بھی موجود تھے ۔اس موقع پر بی این پی ہزارہ ٹاؤن کے ساتھی نعمت علی ہزارہ نے پارٹی رہنماؤں کے اعزاز میں استقبالیہ کااہتمام کیاجبکہ پارٹی کے مرکزی رہنماؤں نے نئے شامل ہونے والے ہزارہ ٹاؤن کے سماجی وسیاسی کارکن کوپارٹی میں شمولیت کے موقع پر پارٹی کاکیپ پہنایا اور بیج لگایا۔ 
تازہ ترین