کراچی (ٹی وی رپورٹ )ڈاکٹر سیمی جمالی نے ’’جیو پاکستان‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا زہریلی گیس سے سانس اور دمہ کے مریض زیادہ متاثر ہو رہے ہیں ، گزشتہ رات مختلف علاقوں سے سانس اور دمہ کے مریضوں کے بڑی تعداد اسپتال لائے گئے ، جن میں بچے اور جوان سب شامل تھے ، صرف ماحولیاتی آلودگی سے ایسا نہیں ہو سکتا، عام طور پر ہائیڈروجن سلفائیڈ کی باتیں کی جا رہی ہیں لیکن اس گیس کی ایک چبھتی ہوئی بو ہوتی ہے لیکن کیماڑی میں پھیلی زہریلی گیس میں کسی قسم کی بو نہیں لیکن لوگوں کو متاثر کر رہی ہے ۔ ترجمان ایچ آر سی پی امداد چانڈیو نے کہا کہ صحافی عزیز میمن کا قتل اظہار رائے پر قدغن لگانے کے مترادف ہے،لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ غلام مصطفیٰ نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سیکریٹری جنرل یو این گوتریس کی کہی ہوئی بات معمولی نہیں ہوتی ، ان کی بات دنیانہ صرف سنتی ہے بلکہ اس پر عمل بھی کیا جاتا ہے ، اس کے رد عمل میں بھارت کا موقف آنا بھی پاکستان کی کامیابی ہے،ترجمان ایچ آر سی پی امداد چانڈیونے کہا کہ عزیز میمن کا قتل ایک شخص کا نہیں ایک صحافی اور ایک ادارے کا قتل ہے ، جو اظہار رائے پر قدغن لگانے کے مترادف ہے ، اظہار رائے پر پابندی معاشرے کی روح پر پابندی لگانا ہے ،جب تک مجرم بے نقاب ہو کر قانون کے شکنجے میں نہیں لائے جاتے یہ پر اسراریت اس بات کو تقویت دے گی کہ حکومتی اہلکار کسی نہ کسی سطح پر اس میں شامل تھے۔