• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بجلی کے بلوں میں غبن پر ایکسین ، ریونیو افسر سمیت 5اہلکار معطل

لاہور( سپیشل رپورٹر) لیسکو میکلوڈ روڈ ڈویژن میں بجلی کے بلوں میں غبن اور ریونیو آفس کو آگ لگانے کےالزام میں ایکسین ، ریونیو افسر سمیت پانچ اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا، صارفین سے ڈیڑھ کروڑ روپے بلوں کی ریکوری اور ڈویژنل آفس میں تین برسوں کے آڈٹ کے احکامات جاری ہو گئے۔ لیسکو میکلوڈ روڈ ڈویژن میں چار ماہ کے دوران 200سے زائد کمرشل صارفین کوناجائز مالی مراعات دینے سے سرکاری خزانے کو ڈیڑھ کروڑ روپے نقصان پہنچا یا گیا ،چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ نے انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں ایکسین میکلو ڈ روڈن فیضان قادر ملک، ریونیو افسر محمود الحسن، کمرشل اسسٹنٹ عاصم جعفری،ریونیو آفس کے کلرک عثمان دلشاد اور اسسٹنٹ توقیر عنصر کو معطل کر دیا ، خیال رہے کہ میکلوڈ روڈ ڈویژن میں تجارتی بلوں میں غبن کے بعد انکوائری آخری مراحل میں داخل ہو ئی تو پراسرار طور پر ریونیو آفس کو آگ لگنے سے تمام ریکارڈ اورکمپیوٹر جل کر راکھ ہو گئے تھے۔ ایس ڈی او محمود بوٹی محمد علی رضا کو ایکسین میکلوڈ روڈ کا اضافی چارج سپرد کر دیا گیا۔
تازہ ترین