• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیرِ اعظم نے پٹرول و گیس قیمتوں میں کمی کی ہدایت کر دی، فردوس

اطلاعات و نشریات کے لیے وزیرِ اعظم عمران خان کی معاونِ خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے پٹرول، ڈیزل اور گیس کی قیمتوں میں کمی کا روڈ میپ تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: ترقی کے معیار اب بدلے گئے، فردوس عاشق

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیرِاعظم عمران خان کا اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن عوامی ریلیف کے لیے بڑا قدم ہے۔


وزیرِ اعظم کی معاونِ خصوصی نے کہا کہ قومی معیشت کو اربوں کا نقصان پہنچانے والے اسمگلروں کی سرکوبی کی جا رہی ہے، ناجائز منافع خوری کی حوصلہ شکنی کی جائے گی جس سے عوام کو مناسب قیمت پر اشیاء کی فراہمی یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بارڈر مارکیٹوں کے قیام کی پیش رفت کو بھی تیز رفتار کرنے کی ہدایات کی گئی ہیں، اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے وسیع پیمانے پر کارروائی کا فیصلہ وزیرِ اعظم عمران خان کے قانون پر عمل داری کے پختہ عزم کا اظہار ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ یہ ملکی معیشت کو اربوں روپے کے نقصان سے بچانے کے لیے عملی قدم ہے، کھانے پینے کی چیزوں کی اسمگلنگ قیمتوں میں اضافے اور عوامی تکالیف بڑھانے کا باعث بنتی ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: فردوس اعوان کی چینی کی قیمت سے متعلق وضاحت

انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی شفاف معیشت کی دشمن اور عوام کا استحصال ہے جس کی اجازت نہیں دیں گے، عمران خان کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف اقدامات اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام لائیں گے، وزیرِ اعظم نے صوبائی حکومتوں سے گندم کی قیمتوں میں کمی کے لیے تجاویز طلب کی ہیں۔

وزیرِ اعظم عمران خان کی معاونِ خصوصی نے مزید کہا کہ بجلی اور گیس کے حوالے سے ماضی کی حکومتوں کے فیصلوں کے بوجھ پاکستان کے عوام نے اپنی کندھوں پر اٹھائے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے پٹرول، ڈیزل اور گیس کی قیمتوں میں کمی کا روڈ میپ تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے، عوام کے دکھوں کا مداوا اور ان کے لیے ریلیف کی فراہمی ہمارا بنیادی نصب العین ہے۔

تازہ ترین