• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپرلیگ پاکستان لے آئے، آئی سی سی ایونٹس بھی کراسکتے ہیں، احسان مانی

امید ہے اگلے سال لیگ کا دائرہ پشاور تک وسیع کریں گے، احسان مانی


کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ ہم نے گیارہ ماہ پہلے ٹورنامنٹ پاکستان میں کرانے کا وعدہ کیا تھا جو پورا ہورہا ہے۔ پچھلے سال کراچی نے تمام 8میچوں کی میزبانی کی تھی اس کا کریڈٹ حکومت سندھ اور سندھ رینجرز کو جاتا ہے امید ہے کہ اگلے سال لیگ کا دائرہ پشاور تک وسیع کریں گے امید ہے کہ اس وقت تک ارباب نیاز اسٹیڈیم کا تعمیراتی کام مکمل ہوجائے گا۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ٹرافی کی رونمائی کے بعد چھ ٹیموں کے مالکان کے ہمراہ پریس کانفرنس میں چیئرمین احسان مانی نے کہا ہے کہ کراچی نے پچھلے سال خوب سپورٹ کیا، یہاں پر افتتاحی میچ منعقد کرنا پی ایس ایل کی سپورٹ کا اعتراف ہے۔ اس سال پاکستان میں بہت کرکٹ ہوئی ہے۔ یہ میری وجہ سے نہیں، یہ ٹیم ورک ہے، پی سی بی اسٹاف کا کام ہے۔ پی ایس ایل فائیو پاکستانی کرکٹ کا سب سے بڑا ایونٹ ہے، اتنا بڑا ایونٹ پہلے نہیں ہوا، بڑی تعداد میں غیر ملکی پلیئرز کی آمد سے غیر ملکی ٹیموں کا بھی اعتماد بحال ہوگا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو بتانا چاہتے ہیں کہ پاکستان آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کر سکتا ہے۔ پہلی مرتبہ ایونٹ کے میچ راولپنڈی اور ملتان میں ہورہے ہیں، مستقبل میں پشاور اور کوئٹہ میں بھی ہوں گے۔ شائقین نے پی ایس ایل کو کامیاب بنایا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سال پاکستان کرکٹ کے لیے انتہائی خوش آئند ہے، ملک میں ٹیسٹ کرکٹ بحال ہوئی۔ احسان مانی کا کہنا ہے کہ پوری دنیا میں پی ایس ایل کا جنون ہے، مدد کرنے پر اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان کے بھی شکر گزار ہیں، افتتاحی تقریب دیکھنے کے لیے ہزاروں شائقین کراچی آئیں گے۔ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے مالک ندیم عمر ، اسلام آباد یونائیٹڈ کے مالک علی نقوی ، لاہور قلندر کے سی ای او عاطف رانا نے اس موقع پر پی ایس ایل پاکستان میں لانے پر کرکٹ بورڈ کی کاوشوں کو سراہا۔

تازہ ترین