• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آرنلڈ شوازینگر کی عمران خان کو آسٹریا سمٹ میں شرکت کی دعوت

اسلام آباد (ایجنسیاں) ہولی وڈ کے معروف اداکار آرنلڈ شوازینگر نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کو آسٹرین ورلڈ سمٹ میں شرکت کی دعوت دے دی۔ عمران خان کے معاون خصوصی برائے ڈیجیٹل میڈیا ڈاکٹر ارسلان خالد نے اپنے ایک ٹوئٹ میں ایک ویڈیو اس عنوان سے شیئر کی کہ آرنلڈ شوازینگرکی آسٹرین ورلڈ سمٹ میں عمران خان کو شرکت کی دعوت ۔ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ دنیا ماحولیاتی تبدیلی سے ہونے والے مسائل سے بچنے کے لیے پاکستان کی کوششوں کو تسلیم کررہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی لکھا کہ وزیر اعظم عمران خان کو آسٹریا ورلڈ سمٹ میں شرکت کی دعوت دی جارہی ہے تاکہ وہ عالمی رہنماؤں کو موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف جنگ میں شامل ہونے کی ترغیب دیں ۔ ہولی وڈ کے شہرہ آفاق فنکار آرنلڈ شوازینگر گزشتہ کافی عرصے سے تحفظ ماحولیات کے لیے متعدد مہمات کا حصہ رہے ہیں۔ وہ وقتا فوقتا ایسی ویڈیوز اور پیغامات بھی جاری کرتے رہتے ہیں جن میں وہ تحفظ زمین اور ماحول کی جانب راغب کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ معروف اداکار کو ماحولیاتی تحفظ کے لیے گراں قدر خدمات انجام دینے پر فرانسیسی اعزاز لیجنڈ آف آنرز سے نوازا جاچکا ہے۔ 72 سالہ لیجنڈ اداکار کو ٹرمینیٹر سیریز، پریڈیٹر اور متعدد فلموں نے ہولی وڈ کا سپر اسٹار بنادیا ہے، ان کے مداح دنیا بھر میں موجود ہیں۔ آرنلڈ 2003 سے 2011 تک امریکی ریاست کیلیفورنیا کے گورنر بھی رہے ہیں۔

تازہ ترین