• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریک آزادی کشمیر کی عالمی پذیرائی سے بھارت گھبرا گیا ہے، راجہ نجابت حسین

بریڈ فورڈ (محمد رجاسب مغل) جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے چئیرمین راجہ نجابت حسین اور لیبرپارٹی کی نیشنل ایگزیکٹو کمیٹی کی ممبرکونسلریاسمین ڈار نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی جدو جہد آزادی کو عالمی سطح پر پذیرائی مل رہی ہے جس سے بھارت بوکھلا چکا ہے اور اپنی ہٹ دھرمی اور غیر انسانی، ظالمانہ اقدامات کی وجہ سے پوری دنیا میں بے نقاب ہو رہا ہے۔آج ضرورت اس بات کی ہے کہ عالمی سطح پر منظم طور پر کام کیا جائے جس کے لیے تمام تنظیموں اور اداروں کو نئی حکمت عملی کے ساتھ آگے بڑھنا ہو گا تا کہ ہم دنیا کو بھارت کا اصلی چہرہ دکھا سکیں۔ راجہ نجابت حسین نے کہا کہ گزشتہ روز دہلی ائرپورٹ پر آل پارٹیز پارلیمانی گروپ آن کشمیر کی چیئرپرسن ڈیبی ابراھام کے ساتھ ہندوستان نے جو ہتک آمیز رویہ اختیار کیا اور انہیں ہندوستان میں داخل ہونے سے روک کر جو گھٹیا کام کیا ہے اس سے بھارت کی پوری دنیا کے اندر رسوائی ہوئی ہے۔ راجہ نجابت حسین اور کونسلر یاسمین ڈار نے جموں وکشمیر لبریشن سیل کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اپنی تنظیم تحریک حق خودارادیت کی طرف سے لبریشن سیل کو مکمل تعاون کا یقین دلایا۔اس موقع پر ڈی جی فدا حسین کیانی نے انہیں بتایا کہ لبریشن سیل وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کی سرپرستی اور رہنمائی میں تحریک آزادی کشمیر کو اجاگر کرنے، نوجوان نسل کو مسئلہ کشمیر کے تاریخی پس منظر کے حوالہ سے آگاہی، مختلف قومی ایام پر سیمنارز، تقریبات کے انعقاد، کشمیر پر ریسرچ کے کام اور لٹریچر کی تیاری و فراہمی کے کام کو بطریق احسن سرانجام دے رہا ہے۔ انہوں نے کشمیری تارکین وطن کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ کشمیری ڈائس پورہ کے نمائندگان تحریک آزادی کشمیر میں ہراول دستے کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راجہ نجابت حسین کی قیادت میں تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل گزشتہ عرصہ سے جس موثر اور فعال طریقہ سے کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لئے یورپ اور برطانیہ میں کام کر رہی ہے وہ قابل تحسین ہے۔
تازہ ترین