• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جائیکا کا سندھ حکومت کیلئے کراچی ٹرانسپورٹ امپروومنٹ پلان

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نےبتایا ہے کہ جائیکا نے سندھ حکومت کیلئے کراچی ٹرانسپورٹ امپروومنٹ پلان بنایا ہے،تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سے جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کے صدر ڈاکٹر شنیچی کٹائوکا نے اپنے وفد کے ہمراہ وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی۔ وفد میں مسٹر ہیرو ٹاناکا چیف سیکریٹری آف پریزیڈنٹ آفس، شوہیل ہارا ڈائریکٹر جنرل سائوتھ ایشیا، مسٹر نوبوہیرو کاٹوانی ڈائریکٹر سائوتھ ایشیا ڈویژن شامل تھے جبکہ وزیراعلیٰ سندھ کے ساتھ چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد وسیم، پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو، سیکریٹری تعلیم خالد حیدر شاہ، سیکریٹری صحت زاہد عباسی اور دیگر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ جائیکا سندھ حکومت کا اہم شراکت دار ہے، ہم نے ابھی جائیکا اسسٹیڈ ایجوکیشن اور ہیلتھ سیکٹر میں 2 منصوبے مکمل کئے ہیں اور 54 گرلز پرائمری اسکول اور نارتھ کراچی میں اسپتال کی اپ گریڈیشن کے منصوبے مکمل ہوئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ جائیکا کے تعاون سے ایک لائیواسٹاک کا منصوبہ سندھ کے دیہی علاقوں میں چل رہا ہے، ہم نے جائیکا کے ساتھ 2 منصوبے کرنے جارہے ہیں جو پلاننگ کمشین سے منظور ہو گئے ہیں۔جائیکا نے کراچی سرکلر ریلوے کا پلان بھی بنا کر دیا ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ جائیکا کا پلان موجود ہے جس کو سندھ حکومت شروع کرنا چاہتی ہے۔

تازہ ترین