• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ماہی گیروں کو جدید سہولتوں اور فائبر بوٹس کی فراہمی کیلئے معاہدے

کراچی (اسٹاف رپورٹر)فشر مینز کو آپریٹو سوسائٹی اور چائنیز فجیان فشریز میں سی فوڈپر وسیسسنگ پلانٹ،سمندر کے پانی سے برف بنانے والی فیکٹری،چھوٹے ماہی گیروں کے لیے سستی اور آسان شرائط پر فائبر کی جدید کشتیوں اور جدید آلات ماہی گیری کی فراہمی و ٹریننگ سمیت اہم معاہدوں پر دستخط ہو گئے، تفصیلات کے مطابق چین کی فجیان فشریز کا وفد چیئرمین زہنگ شوئی منگ کی سربراہی میں بدھ کے روز کراچی فش ہاربرپہنچا جہاں پر چیئرمین فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی عبدالبرنے مہمانوں کا استقبال کیااور سندھی ثقافت اجرک ٹوپی اور ایف سی ایس کی یادگاری شیلڈز پیش کیں۔ چیئرمین فجیان فشریز زہنگ شوئی منگ نے میڈیا سے مشترکہ بات چیت کے دوران کہا کہ ہمارے جوائنٹ وینچر سے پاک چین دوستی کا رشتہ مزید مضبوط ہو گا۔ایف سی ایس اور فجیا ن فشریز کی مشترکہ کاوشوں سے پاکستانی ماہی گیروں کی زندگی میں ایک نمایاں انقلاب آجائے گا۔اس موقع پر چیئرمین عبدالبرنے کہا کہ یہ میری خوش نصیبی ہے کہ فشر مینز کو آپریٹو سوسائٹی کی تاریخ میں پہلی بار ماہی گیروں کی زندگی میں خوشحالی لانیوالے منصوبے میرے دور میں چین کی فجیان فشریز کی مدد سے شروع ہو رہے ہیں۔میں سمجھتا ہوں کہ ماہی گیروں کے لیے آج کا دن تاریخی ہے۔چیئرمین عبدالبر نے کہا کہ سندھ حکومت کے تعاون سے فشر مینز کو آپریٹو سوسائٹی فجیان فشریز کو فیکٹریز لگانے کے لیے زمین فراہم کرے گی۔چیئرمین عبدالبر نے بتایا کہ منصوبوں سے نہ صرف ماہی گیروں کی ترقی ہو گی بلکہ پاکستان کی معیشت میں بھی انقلاب آئے گا۔چیئرمین عبدالبر نے کہا کہ ہم 2021 تک پاکستان کو فشریز سیکٹر سے 100کروڑ ڈالرزرمبادلہ کما کر دیں گے۔ بعد ازاں وفد نے کراچی فش ہار بر کا دورہ کیا۔

تازہ ترین