کراچی (ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت اور فوج و دیگر اداروں میں مکمل ہم آہنگی ہے، ، پیپلز پارٹی اور مولانا فضل الرحمٰن کی حیثیت علاقائی ہے، ن لیگ کو فیصلہ کرنا ہے کہ اسے لیڈ کس نے کرنا ہے، خواجہ آصف نے اپنی لابنگ شروع کی ہوئی ہے، شہباز شریف اور مریم نواز میں اپنی لڑائی چل رہی ہے،گندم بحران کی ذمہ دارصوبائی حکومتیں ہیں، جہانگیر ترین اور خسرو بختیار پر حیران ہوں جنہوں نے اپنے سیاسی کیریئر پر داغ لگوالیا لیکن یہ نہیں کہا کہ گندم یا چینی کے بحران میں وفاقی حکومت کا کیا قصور ہے، وزیراعظم سیاسی وجوہات کی وجہ سے نالائق لوگوں کا تحفظ کرتے ہیں، میڈیا کی طرح بار کونسل کے ساتھ حکومت کے تعلقات بریک ڈاؤن ہونا ہماری ناکامی ہے، حکومت اور وزیرقانون کو بارکونسل کو ساتھ لے کر چلنا چاہئے، سوشل میڈیا کمپنیوں کا پاکستان آنا بہت ضروری ہے تاکہ انہیں ٹیکس نیٹ میں لایا جاسکے، جرنلسٹس پروٹیکشن بل پاکستان میں صحافیوں کیلئے لیپ فارورڈ ہے۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں ن لیگ کے رہنما رانا تنویر حسین اور میئر کراچی وسیم اختر سے بھی گفتگو کی گئی۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کے احتجاج میں ن لیگ نے بھرپور شرکت کی تھی ، شہباز شریف مارچ میں وطن واپس آجائیں گے ،مارچ میں حکومت کیخلاف بھرپور اور نتیجہ خیز احتجاج کرنے کی کوشش ہے، حکومت نیب قانون میں اپنے کیسوں کی حد تک ترامیم کرنا چاہتی ہے۔