• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صحافی قتل، پولیس رپورٹ میں حساس معلومات، آئی جی سندھ سے تفصیلی بات ہوئی، گورنر سندھ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے انکشاف کیا ہے کہ نوشہروفیروز میں قتل ہوئے صحافی عزیز میمن کے قتل کے بارے میں پولیس رپورٹ میں بعض حساس معلومات شامل ہیں جنہیں اب تک چھپایا گیا ہے۔

میری اس حوالے سے آئی جی پولیس سندھ سے تفصیلی بات ہوئی ہے، ہم وہ حساس معلومات بھی منظر عام پر لاکر قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے،وزیراعظم کو تفصیلی بریفنگ دونگا۔وہ بدھ کو یہاں مقامی ہوٹل میں ’’ورکنگ انوائرمنٹ ان پاکستان فار جرنلسٹس‘‘ کے موضوع پر منعقدہ ایک روزہ سیمینار سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔

’’پاکستان میں صحافیوں کے لیے کام کا ماحول‘‘ کے عنوان سے منعقدہ اس سیمینار کا اہتمام کراچی یونین آف جرنلسٹس (کے یو جے) نے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یوجے) کے اشتراک سے کیا تھا، جس سے انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس (آئی ایف جے) کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری جیریمی ڈیئر، پی ایف یو جے کے صدر جی ایم جمالی، معروف قانون دان شعیب اشرف ایڈووکیٹ، سماجی رہنما کرامت علی، کے یو جے کے صدر حسن عباس، سیکرٹری عاجز جمالی، لبنی جرار، شہربانو، بچل لغاری اور دیگر نے خطاب کیا۔

سیمینار کی دو الگ الگ نشستوں میں صحافیوں کو درپیش مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

گورنر سندھ نے کہا کہ وہ جلد اسلام آباد جا کر وزیر اعظم عمران خان اور وفاقی وزارت اطلاعات کو تفصیلی بریفنگ دیں گے۔

تازہ ترین