• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرمایہ کارسکھ یاتریوں کی چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ و ٹریڈ سے ملاقات

لاہور(نمائندہ جنگ)برطانیہ سے سکھ یاتریوں کے 140سرمایہ کار وں کی چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ و ٹریڈ سردار تنویر الیاس خان سے ملاقات ہوئی ہے ۔ملاقات میں باہمی دلچسپی ، سرمایہ کاری اور پاکستان میں سیاحت اور خصوصاً سکھوں کی مذہبی سیاحت کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا۔ سکھ رہنمائوں جن کی قیادت سردار رنجیت سنگھ کر رہے تھے نے عمران خان کی جانب سے کرتار پور راہداری کھولنے کو سکھوں کیلئےایک بڑا اقدام قرار دیا ۔ سردار رنجیت سنگھ نے بتایا کہ پاکستان سکھ مذہبی سیاحت کو جس طرح سے سنبھال رہا ہے، محبت اور پیار دے رہا ہے پاکستان دنیا کا سیاحت کے حوالے سے بڑا ملک بن جائے گا۔ میں ایک سال میں تین بار یہاں آ کر ان کی میزبانی سے لطف اندوز ہو چکا ہوں۔ تمام سکھ برادری حکومت پاکستان ، عمران خان اور ان کی ممنون ہے۔ اس موقع پر سردار تنویر الیاس خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں جس طرح مذہبی آزادیوں کے حوالے سے پاکستان کے اقدامات کو سراہا جا رہا ہے وہ ہمارے مذہب کی روح ہے۔ہمارے پیغمبر محمدؐ نے تو مدینہ منورہ میں غیر مسلموں کو کھانا کھلایا ، ان کے لیے اپنی چادر بچھائی اور انہیں عبادت کرنے کی بھی اجازت دی۔ اس سے بڑی ہمارے پاس رواداری کی مثال تاقیامت نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ نجوت سنگھ سدھو کے ساتھ آرمی چیف نے جس خلوص اور محبت کی جپھی ڈالی اس پر بھارت میں بڑی تنقید ہوئی مگر جنرل باجوہ نے اسے نبھا کر دکھایا۔ انہوں نے کہا سکھ برادری ساری دنیا میں کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے جب کہ افسوس کی بات ہے کہ ہمسایہ ملک میں مسلمانوں کے ساتھ مودی حکومت کا رویہ افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔
تازہ ترین