• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبرپختونخوا بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی کو فعال بنانے کیلئے اجلاس

پشاور (نیوزڈیسک)خیبرپختونخوا بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی کو فعال بنانے اور اس کا دائرہ کار صوبے بھر تک بڑھانے کے اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے اتھارٹی کے ممبران کا اجلاس سیکریٹری صحت محمد یحیٰی اخوانزادہ کی زیر صدارت ہیلتھ سیکریٹریٹ پشاورمیںہواسی ای او ڈاکٹر جاوید نے اجلاس کو اتھارٹی کی اب تک کی کارکردگی، ممبران، فنڈز کی دستیابی، ملازمین اور لائسنسنگ میکنزم کے بارے میں بریفننگ دی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبے میں سرکاری یا نجی شعبہ میں بلڈ بینک کے قیام کے لیے جامع پالیسی اور معیار ترتیب دیا گیا ہے جو کہ تمام سرکاری ہسپتالوں اور نجی شعبہ کے بلڈ بینکس کو بھیجا گیا ہے جبکہ یہ اتھارٹی کی ویب سائٹ پر بھی موجود ہے۔ سیکریٹری صحت محمد یحییٰ اخوانزادہ نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ بلڈ بینک کی رجسٹریشن اور لائسنس کیلئے جامع اور مکمل آن لائن نظام متعارف کرایا جائے تاکہ بلڈ بینک قائم کرنے کے خواہشمند افراد کو دور دراز کے علاقوں سے پشاور نہ آنا پڑے جبکہ ان بلڈ بینکس کی فزیکل انسپکشن کو بھی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ سیکریٹری صحت نے بی ٹی اے کی فعالیت اور اس کی استعداد کار کو بڑھانے کے لیے تین رکنی کمیٹی بنانے کی بھی ہدایت کی جو کہ بی ٹی اے ایکٹ میں ترامیم تجویز کرنے کے ساتھ ساتھ سٹاف کی کمی کو دور کرنے کے لیے میکنزم بنائے گی جبکہ اتھارٹی کو درپیش مسائل سمیت دیگر حل طلب امور کی نشاندہی بھی کرے گی۔ محمد یحیٰی اخوانزادہ نے کہا کہ یہ کمیٹی بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی کے رولز اینڈ ریگولیشنز بھی بنائے گی اور پہلے سے موجود رولز اینڈ ریگولیشنز کو ریوائز کرے گی جن میں رجسٹریشن اور لائسنسنگ کے رولز سمیت کئی امور کی شفاف اور سہل سر انجام دہی کے لیے قوانین شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے کنسلٹنٹ کی مدد بھی حاصل کی جا سکتی ہے جبکہ یہ عمل 2 ماہ کے اندر مکمل کیا جائے۔
تازہ ترین