وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سرکاری افسران و ملازمین کے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے مفت ٹکٹس اور پاس حاصل کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔
وزیراعلیٰ کے احکامات پر محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن نے حکم نامہ جاری کردیا ہے۔
حکم نامے کے مطابق پی ایس ایل میچز کے فری پاسز کی کوشش کرنے والے افسران کیخلاف سخت کارروائی ہوگی۔ کوئی افسر، ملازم پی ایس ایل میچز کے پاسز کیلئے پی سی بی سے رجوع نہ کرے۔
وزیراعلیٰ کے احکامات پر تمام محکموں کے انتظامی سربراہان اور کمشنرز کو خط ارسال کردیئے گئے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ہم نے پچھلے سال کہا تھا کراچی میں پی ایس ایل کروائیں گے، آج یہاں افتتاحی تقریب کر رہے ہیں، جس کے لیے کراچی والوں کو مبارکباد دیتاہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے 2017 میں پی سی بی سے یہ درخواست کی تھی کہ ایک میچ کراچی میں کروائیں، تاہم آج اس کا سہرا کراچی والوں کو جاتا ہے کہ 2018 کا فائنل اور اب پورا ایونٹ پاکستان میں ہورہا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم پی ایس ایل کے اس پانچویں ایڈیشن کو کامیاب بنائیں گے۔
آخر میں وزیر اعلیٰ سندھ نے پاکستان زندہ باد کا نعرہ بھی بلند کروایا۔