• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل 5: یونائیٹڈ کا گلیڈی ایٹرز کو جیت کیلئے 169 رنز کا ہدف

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 5 کے پہلے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 169 رنز کا ہدف دے دیا۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے اس میچ میں گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

سرفراز احمد کا یہ فیصلہ درست ثابت ہوا اور اننگ کی پہلی ہی گیند پر محمد نواز نے جارح مزاج کولن منرو کو آؤٹ کردیا۔

اس کے بعد لیوک رونکی اور ڈیوڈ ملان نے ٹیم کو سہارا دیا لیکن رونکی 38 کے مجموعے پر 23 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔

ڈیوڈ ملان نے اس کے بعد ٹیم کا اسکور 106 تک پہنچادیا جہاں ایسا محسوس ہورہا تھا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم بڑا اسکور کرنے میں کامیاب ہوجائے گی۔

یہاں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بولر محمد حسنین نے حریف ٹیم کے کھلاڑیوں کی ایک نہ چلنے دی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 127 کے اسکور تک حسین طلعت، کولنگ انگرام اور ڈیوڈ ملان جیسے بیٹسمین سے محروم ہوچکی تھی۔

آصف علی اور فہیم اشرف نے بالرترتیب 19 اور 20 رنز بنا کر ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا۔

محمد حسنین اور بین کٹنگ کی شاندار بولنگ کی بدولت یونائیٹڈ 168 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے ڈویڈ ملان نے 64 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کوئٹہ کی جانب سے محمد حسنین نے 4 اور بین کٹنگ نے 3 وکٹیں لیں۔

ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ وہ یونائیٹڈ کو جلد سے جلد آؤٹ کرکے ہدف کو حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ رات میں پڑنے والی اوس کا بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے بھی بڑا اسکور کرنے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔

تازہ ترین