• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تجاوزات کیخلاف آپریشن،آنکھیں بند کرکے حکم امتناع نہیں دے سکتے، ہائیکورٹ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کی زد میں آنے والے شادی ہالز کو گرانے کے خلاف دائر درخواست پر حکم امتناع جاری کرنے سے انکار کردیا ، فاضل عدالت کا کہنا تھا کہ اب آنکھیں بند کرکے حکم امتناع نہیں دے سکتے، پہلے دستاویزات لائیں کہ شادی ہال قانونی حیثیت کیا ہے؟ پہلے قانونی حیثیت کے دستاویزات لائیں پھر کچھ کریں گے۔ جمعرات کو جسٹس سید حسن اظہر رضوی کی سربراہی میں جسٹس ذوالفقار احمد خان پر مشتمل دو رکنی بینچ نے نارتھ ناظم آباد کے شادی ہال گرانے متعلق محمد زبیر کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی۔ عدالت نے شادی ہال گرانے سے روکنے کے لیے فوری سماعت کی درخواست مسترد کردی۔درخواست گزار کے وکیل کا کہنا تھا کہ درخواست گزار کا شادی ہال گرایا جا رہا ہے، شادی ہال کی تمام قانونی دستاویزات موجود ہیں، عدالت کا کہنا تھا کہ جن قانونی دستاویزات کا ذکر کر رہے ہیں وہ فائل میں تو نہیں لگائے گئے، پہلے قانونی حیثیت کی دستاویزات لائیں پھر کچھ کریں گے۔

تازہ ترین