• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حالات بہتر، ویسٹ انڈیز سمیت تمام ٹیمیں پاکستان آئیں، کرٹلے ایمبروز

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ویسٹ انڈیز کے سابق فاسٹ بولر کرٹلے ایمبروز نے کہا ہے کہ پاکستان میں پی ایس ایل کے تمام میچوں کا ہونا خوش آئند بات ہے۔ وہ جمعرات کونیشنل اسٹیڈیم میں میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پچھلے کئی سالوں سے دہشت گردی کا شکار تھا جس کی وجہ سے یہاں کر کٹ سمیت کھیلوں کی ٹیمیں پاکستان نہیں آرہی تھیں مگر اب حالات بہت بہتر ہیں، ویسٹ انڈیز سمیت دیگر ٹیموں کو پاکستان کا دورہ کرنا چاہئے۔ اس موقع پر ڈاکٹر کاشف انصاری اورسابق آسٹریلین فاسٹ بولر سائمن ٹوفل بھی تھے۔ ایمبروز نے کہا کہ پی ایس ایل سے پاکستان کر کٹ کو کئی اچھے کھلاڑی ملے ہیں، یہ دنیا کی بہترین کر کٹ لیگ میں شامل ہوچکی ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ میری اچھی دوستی ہے ، ان کے ساتھ طویل عرصے تک کھیلا ہوں، وہ اپنے دور کے خطرناک بولرز تھے، عمران خان اچھے آل رائونڈر بھی تھے، پاکستان ویسٹ انڈیز کے بعد دوسرا ملک ہے جہاں ہر دور میں اچھے فاسٹ بولر سامنے آئے ہیں، امید ہے کہ عمران خان کی حکومت میں پاکستان میں کھیل کے شعبے میں مضبوطی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ نسیم شاہ اچھا فاسٹ بولر ہے اس پر محنت کی جائے تو وہ تیز ترین بولر بن سکتا ہے۔ آسٹریلین امپائر سائمن ٹوفل نے کہا کہ پی ایس ایل کی وجہ سے پاکستان میں دہشت گردی کے تاثر کو دور کرنے میں مدد ملی، امید ہے آئندہ اور بھی غیر ملکی کھلاڑی سامنے آئیں گے،انہوں نے اردو زبان میں بھی پی ایس ایل زندہ باد کا نعرہ لگایا۔

تازہ ترین