• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حفیظ اور شعیب کو کیوں کھلایا، مصباح سے کرکٹ کمیٹی کا سوال

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پی سی بی کرکٹ کمیٹی نے ہیڈ کوچ مصباح الحق کے سامنے ذمے داریاں سنبھالنے کے بعد 29کھلاڑیوں کو آزمانے کے علاوہ شعیب ملک اور محمد حفیظ کو کھلانے سے متعلق سوالات اٹھادیے۔ ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں پر بھی تشویش ظاہر کی، تاہم مصباح نے کہا کہ وہ مختلف کمبی نیشن آزمانے کے بعد حتمی ٹیم تیار کریں گے۔ جمعرات کو جاری پی سی بی اعلامیے کے مطابق کرکٹ کمیٹی نے پی سی بی کو ڈومیسٹک سیزن 21-2020 کے دوران ڈیپارٹمنٹل ٹیموں پر مشتمل ڈومیسٹک ٹورنامنٹ منعقد کروانے کی تجویز دی ہے۔ اس سلسلے میں ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ کو ممکنہ ونڈو کا جائزہ لینے ہدایت کی گئی ہے۔ مصباح الحق نے کمیٹی کو آگاہ کیا ہے کہ انہوں نے خصوصاً ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے لیے بہترین کھلاڑیوں کی نشاندہی کرلی ہے۔ پی ایس ایل 2020 کا انعقاد رواں سال ایشیا کپ اور آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے قومی ٹیم کے انتخاب میں اہم ثابت ہوگا۔ کرکٹ کمیٹی کا آئندہ اجلاس اپریل میں متوقع ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی کرکٹ کمیٹی کا سال 2020 میں پہلا اجلاس بدھ کے روز کراچی میں ہوا۔ سابق ٹیسٹ اسپنر اقبال قاسم کی سربراہی میں منعقدہ اجلاس میں وسیم اکرم، عمر گل،عروج ممتازاورعلی نقوی نے شرکت کی۔ وسیم خان اور ذاکر خان بطور غیرفعال رکن اجلاس میں شریک تھے۔ ہارون رشید نے بتایا کہ رواں سیزن میں پی سی بی اب تک 12ٹورنامنٹس کا انعقاد کرچکا ہے جس میں190 میچز شامل تھے۔انہوں نے کمیٹی کو کھلاڑیوں کے لیے کھانے، پریکٹس کی سہولیات اورپچز کے معیار میں بہتری لانے سے متعلق بھی بریفنگ دی۔ کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں ہارون رشید کو دیگر معاملات پر بھی بریفنگ تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ کرکٹ کمیٹی نے رواں سیزن میں کرکٹ کے معیار میں بہتری کو سراہا ہے۔

تازہ ترین