• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ کے بعض علاقوں میں 24 گھنٹے کے دوران ایک مہینے کے مساوی بارش

لندن (پی اے) محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ طوفان ڈینس کی تباہ کاریوں سے دوچار نارتھ ویلز اور نارتھ ویسٹ انگلینڈ میں مزید شدید بارش ہونے اور 24گھنٹے کے دوران ایک مہینے کے مساوی بارش ہونے کا خدشہ ہے۔ ماحولیات سے متعلق ایجنسی کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں کے دوران 8 دریائوں کی سطح میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ پورے ملک میں سیلاب کی کم وبیش 120 وارننگز جاری کی جاچکی ہیں۔ ماحولیات سے متعلق ایجنسی کا کہنا ہے کہ مڈلینڈ میں سیلاب کا شدید خطرہ ہے اور اس حوالے سے ویلش سرحد کے قریب دریائے لگ، سیورن، وائی ڈیوتھروپ کے گرد واقع علاقوں میں سنگین سیلاب کی 6 وارننگز جاری کی جاچکی ہیں، جس کے معنی یہ ہیں کہ انسانوں کی جانوں کو خطرہ لاحق ہوسکتاہے۔ ماحولیات سے متعلق ایجنسی کے ہیرفورڈ اور ورسیسٹر شائر کے منیجر کا کہنا ہے کہ دریائے وائی کی سطح گزشتہ 110 برس کی بلند ترین سطح پر آچکی ہے۔ انھوں نے اپنے ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ گزشتہ چند دنوں کے دوران میں نے جو دیکھا ہے، وہ معمول کی صورت حال نہیں ہے۔ یہ صورت حال نئی نارمل صورت حال بھی نہیں ہے، یہ بدترین صورت اختیا ر کرتی جا رہی ہے، ہمیں بہت تیزی سے انتظامات کرنا ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ میں ان لوگوں سے معذرت خواہ ہوں، جن کی زندگی مدوجزر سے دوچار ہے، بدترین طورپر متاثرہ علاقوں سے، جن میں سائوتھ ویلز، بیرفورڈ شائر، ورسیسٹر شائر اورشروپ شائر شامل ہیں، سیکڑوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ دوسری جانب سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ نہ کرنے پر اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ لیبر پارٹی کے قائد جیرمی کوربن نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے غیر حاضر رہ کر انھوں نے اپنی اصل شکل دکھا دی ہے اور وزیراعظم حکومت کی ایمرجنسی کمیٹی کا اجلاس طلب نہ کر کے واضح پیغام دے رہے ہیں۔ پلیڈ کیمرو کے قائد ایڈم پرائس نے بھی سوال اٹھایا ہے کہ وزیراعظم نے حکومت کی ایمرجنسی کوبرا کمیٹی کا اجلاس کیوں نہیں طلب کیا؟۔ بدھ کو وزیر تجارت نادھم ضحاوی نے اسکائی نیوز کو بتایا تھا کہ وزیراعظم متاثرہ کمیونٹیز کے لوگوں اور تاجروں کی مدد کیلئے رقم کا انتظام کر رہے ہیں۔ وہ ان کیلئے فنڈز حاصل کر کے ان کی مدد کرنا چاہتے ہیں۔ ماحولیات سے متعلق وزیر جارج یوسٹک نے کہا ہے کہ حکومت سیلاب سے بچائو پر 2.6 بلین پونڈ خرچ کر رہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے کریگ سنیل کا کہنا ہے کہ مسلسل بارشوں کی وجہ سے زمین میں پانی جذب کرنے کی صلاحیت ختم ہوچکی ہے، اس لئے دریائوں کی سطح میں فوری کمی کا کوئی امکان نہیں ہے۔ نارتھ ویلز کے گائوں کیپل کیورگ میں گزشتہ روز 24 گھنٹے کے دوران 54 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جو کہ پورے فروری کے دوران ہونے والی بارش کے نصف سے زیادہ ہے۔ ماحولیات سے متعلق ایجنسی کا کہنا ہے کہ انگلینڈ میں رواں ماہ کے دوران فروری میں ہونے والی بارش سے 141 فیصد زیادہ بارش ریکارڈ کی جاچکی ہے۔ موسم کی خرابی کی وجہ سے برطانیہ کے بعض علاقوں میں ٹرین سروسز میں خلل پڑ رہا ہے۔ نیشنل ریل نے پریسٹن اور کارلزلے کے درمیان ریلوں کی آمدورفت میں نمایاں خلل پڑنے کا اندیشہ ظاہر کیا ہے جبکہ اوانتی، ویسٹ کوسٹ، ناردرن اور ٹرانس پین نی سروسز کے بھی متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔ سیلاب کی وجہ سے ویلز کے بعض علاقوں میں بھی آمدورفت متاثر ہوسکتی ہے۔ اداکار مائیکل شین نے سائوتھ ویلز میں سیلاب سے متاثرہ کمیونٹیز کی مدد کیلئے فنڈ جمع کرنے کی مہم شروع کردی ہے۔ 51سالہ شین نے کہا ہے کہ طوفان ڈینس نے جو تباہی مچائی ہے، اس کی وجہ سے پورے برطانیہ کے ہزاروں افراد اپنی ہر چیز سے محروم ہوچکے ہیں۔

تازہ ترین