• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد، بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی پر 64 کمرشل عمارتیں سربمہر

اسلام آباد:( نیو زرپورٹر) سی ڈ ی اے نے اسلام آباد میں بلڈنگ بائی لاز اور زوننگ ریگولیشنز کی خلاف ورزی کے خلاف وسیع پیمانے پر آپریشن شروع کر دیا ۔ یہ آپریشن اسلام آباد کے تمام زون بشمول زونII،IVاورVمیں کیا جا رہا ہے۔ آپریشن کے دوران پہلے دو دنوں میں 64 کمرشل عمارات کو سر بمہر کر دیا گیا۔ کارروائی کے دوران سی ڈی اے کے علاوہ متعلقہ علاقے کے اسسٹنٹ کمشنرز بھی معاونت کر رہے ہیں۔بلڈنگ کنٹرول ڈائریکٹوریٹI-نے بدھ کے روز اسلام آباد کے زونVمیں 16کمرشل عمارات کو سربمہر کیا جو منظوری کے بغیر اور سی ڈی اے کے بلڈنگ بائی لاز اور زوننگ ریگولیشنز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تعمیر کی جا رہی تھیں۔ منگل کے روز زون II میں روشن پاکستان ہاؤسنگ سوسائٹی سیکٹر D-17 اورE-16میں سات کمرشل عمارات اور بدھ کے روز سیکٹر B-17میں ملٹی پروفیشنل ہاؤسنگ سوسائٹی میں 15عمارات کو سر بمہر کیا گیا ۔ آپریشن کے دوران مزاحمت کرنے والے افراد کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ زونVمیں واقع سواں گارڈن سوسائٹی میں بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی پر سات کمرشل عمارات کو سربمہر کیا گیا۔سی ڈی اے کے بلڈنگ کنٹرول ڈائریکٹوریٹ ون نے منگل کے روز زونIVکے سب زونBبنی گالہ میں زیر تعمیر چھ عمارات کو بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی پر سربمہر کر دیا ہے جبکہ سیکٹر H-13 میں 12 عمارات کو بھی سر بمہر کیا گیا ہے۔ بلڈنگ کنٹرول سیکشن نے منگل کوسیکٹرایچ تیرہ میں بارہ غیر قانونی کمرشل بلڈنگز کو سربمہر کیا تھاجن میں یو آئی ٹی ٹاور ، امیر مصطفے ٹاور، انساط بکنگ آفس الحماد ٹاور ، حسن بلڈنگ ، کے کے بلڈنگ ، لینڈ مارک تھری ، شنگریال ہائٹس ، سجاد ہائٹس ، شاہین ہائٹس اور ہاسپٹل بلڈنگ شامل ہیں۔ بنی گالہ عمران خان چوک سے کورنگ نالہ چوک تک اور بارہ کہو میں 6 پلازے سیل کئے گئے۔ مشترکہ ٹیموں نے ایچ تیرہ میں آپریشن کرتے ہوئے 7پلازے و کثیرالمنزلہ عمارتیں سیل کر دیں۔ سوہاں گارڈن مین ڈبل روڈ پر 8پلازے اور کثیرالمنزلہ عمارات سیل کردی گئیں۔ ای سولہ، ای سترہ اور ڈی اٹھارہ میں آپریشن کے دوران 10پلازے سیل کردیئے گئے۔
تازہ ترین