• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیماڑی میں جان لیوا آلودگی کا سبب قرار امریکی بحری جہاز ’ہرکولیس‘ توازن کا مسئلہ حل ہوجانے کے باوجود اب تک کراچی بندرگاہ سے نکالا نہ جا سکا۔

کے پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق امریکا سے سویابین لے کر کراچی آنے والے بحری جہاز ہرکولیس کو سندھ حکومت کی درخواست پر کراچی پورٹ ٹرسٹ اتھارٹی نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب ہٹا کر پورٹ قاسم روانہ کرنے کا کہا تھا مگر سمندری مدوجزر مناسب نہ ہونے کی وجہ سے جہاز کو بدھ کو کراچی بندرگاہ سے روانہ نہیں کیا جا سکا۔

کے پی ٹی ترجمان کے مطابق جمعرات کو کے پی ٹی حکام کی جانب سے ہرکولیس کو کراچی پورٹ سے بن قاسم بھیجنے کے احکامات جاری کردیئے گئے مگر جہاز پر وزن کا توازن ٹھیک نہیں تھا جس پر 50 سے زائد مزدور لگا کر جہاز پر بیلنس یکجا کیا گیا۔

واضح رہے کہ ہرکولیس بروز ہفتہ 15 فروری کو الصبح 3 بجکر 45 منٹ پر کراچی بندرگاہ کے ایسٹ وہارف کے برتھ نمبر 10 اور 11 پر لنگر انداز ہوا تھا۔

بحری جہاز سے سویابین ان لوڈ کرنے کے دوران ہوا میں شامل ہونے والی ڈسٹ کو قریبی آبادی کیماڑی کے 14 افراد کی موت کا سبب قرار دیا گیا تھا جبکہ سینکڑوں افراد متاثر ہوئے۔

اس کے بعد شپ سے سویابین کی ان لوڈنگ روک دی گئی تھی اور اس کے بعد سے علاقے میں آلودگی ختم ہوگئی۔

کے پی ٹی ذرائع کے مطابق ہرکولیس آج صبح 7 بجے تک روانہ نہیں کیا گیا ہے اور پانی پہلے روز کی پوزیشن پر ہی لنگر انداز ہے۔

تازہ ترین