• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آرٹس کونسل کراچی میں اداکار فہمید احمد کے انتقال پر تعزیتی ریفرنس

کراچی( اسٹاف رپورٹر) فہمید احمد کی موت اُن کے چاہنے والوں کیلئے ایک صدمہ ہے ،وہ ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے ،جس زمانے میں فہمید نے ڈرامے شروع کئے اُس زمانے میں اپنی صلاحیتوں کو منوانا خاصا مشکل کام تھا مگر اُنہوں نے اپنا نام پیدا کیا اور لوگوں کے دلوں پر قابض رہے ان خیالات کا اظہار سیکریٹری آرٹس کونسل پروفیسر اعجاز فاروقی نے مشہور فنکار فہمید احمد کے تعزیتی ریفرنس کے موقع پر کیا اُن کا مزید کہنا تھا کہ فہمید احمد کرکٹ کے نہایت شوقین تھے وہیں سے ہماری دوستی کا آغاز ہوا وہ مختلف مزاج کے انسان تھے اُن کا انداز اکثر لوگوں سے مختلف تھا ۔آرٹس کونسل لائزن کمیٹی کی جانب سے معروف ٹی وی اور ریڈیو فنکار فہمید احمد کے تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شہزاد رضا کا کہنا تھافہمید احمد کے ریڈیو پر خبریں پڑھنے کے انداز کو لوگ بہت پسند کرتے تھے ،چاہے تاریخی ڈرامہ ہو یا تخلیقی وہ ہر کردار کو بھرپور انداز سے نبھاتے تھے ۔سابق ریڈیو کنٹرولر نثار میمن کا کہنا تھا فہمید احمد بڑے آرٹسٹ تھے لیکن وہ فن کے قدر دان تھے اور اکثر نئے فنکاروں کو شوبز میں متعارف کرواتے تھے ۔اس موقع پر فہمید احمد کے صاحبزادے فراز کا کہنا تھا کہ اُن کے نام سے مجھے شناخت ملی جو میرے لئے باعثِ فخر ہے ،وہ جتنے بہترین فنکار تھے اُس سے کئی زیادہ شفیق والد تھے ،اُنہوں نے قدم قدم پر ہماری رہنمائی کی اور ہمیں کامیابی کے مقام تک پہنچایا،میں آرٹس کونسل کا شکر گزار ہوں جنہوں نے اس تقریب کا انعقاد کیا ۔فہمید احمد کے تعزیتی ریفرنس میں امجد شاہ، شاہد شاہ،ظہیر خان،نذر حسین، نعمان خان سمیت دیگر لوگوں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا جبکہ نظامت کے فرائض لائزن کمیٹی کے چیئرمین اقبال لطیف نے انجام دیے۔

تازہ ترین