• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمر اکمل سٹے بازوں سے روابط کی تردید نہیں کرسکے

عمر اکمل سٹے بازوں سے روابط کی تردید نہیں کرسکے 


کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ اینٹی کرپشن یونٹ نے بدھ کی شب کراچی کے ہوٹل میں عمر اکمل سے تفتیش کی۔ ان کے جواب دینے کے انداز سے یونٹ کے شکوک یقین میں بدل گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عمراکمل پر ایک سے زائد الزامات ہیں۔ انہوں نے اسپاٹ فکسنگ کی پیشکش کو رپورٹ نہیں کیا، مشکوک لوگوں سے میل جول رکھ رہے تھے، سٹے بازوں کے نیٹ ورک سے روابط ان کے خلاف شواہد جمع کرنے کے لئے کافی تھے۔ سٹے باز پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ اور اسلام آباد کا افتتاحی میچ فکس کرنا چاہتے تھے لیکن پی سی بی کے موثر نیٹ ورک نے عمراکمل کے گرد گھیرا تنگ کردیا۔ یونٹ کے مضبوط کیس بنانے کی پوزیشن میں آنے کے بعد چارج شیٹ جاری کردی جائے گی۔ انہیں جواب دینے کے لئے 14دن کا وقت ہے لیکن چارج شیٹ جاری کرنے کے لئے کوئی ٹائم فریم مقرر نہیں ہے۔ ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ عمر اکمل کے اعتراف جرم کا تاثر درست نہیں ، وہ سب مان جاتے تو فرد جرم عائد کردی جاتی۔ عمر اکمل کے خلاف الزامات کو اینٹی کرپشن یونٹ کو آزاد ٹریبونل کے سامنے ثابت کرنا ہوگا۔ ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن یونٹ نے شواہد عمر اکمل کے سامنے رکھ دیے جن کا وہ انکار نہیں کرسکے، اور صرف حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے خاموش رہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عمر اکمل ناپسندیدہ افراد سے ملاقاتوں کی تردید نہ بھی کرسکے۔ ذرائع کے مطابق غلطی کا اعتراف کرنے کی صورت میں کم سزا سے ان کی جان چھوٹ سکتی ہے، انکار پر کیس اینٹی کرپشن ٹربیونل کو بھیجا جائے گا۔

تازہ ترین