• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بابر اعظم’’مغل اعظم‘‘ دل دل پاکستان کے نعرے،میچ کی جھلکیاں

کراچی ( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) پی ایس ایل میں جمعے کو کھیلے گئے میچ کے موقع پر سیکیورٹی کے انتظامات غیر معمولی نظر آئے۔ تماشائیوں کی تعداد میں پشاور کی بیٹنگ کے دوران اضافہ دیکھنے میں آیا۔تماشائی دل دل پاکستان کے نعرے لگاتے رہے۔ بابر اعظم شان دار اننگز کھیل کر واپس آئے تو ایک خاتون نے کہا بابر اعظم ، مغل اعظم ہے۔ تماشائی زلمی زلمی کے نعرے لگاتے رہے۔ کامران اکمل بیٹنگ کے لئے آئے تو اسٹیڈیم میں آوازیں لگائی گئی ان پر بھی نگاہ رکھو۔ شرجیل خان کو دیکھ کر ایک تماشائی نے کہا خان صاحب اب تو توبہ کر لی ہے۔ اداکارہ مہوش حیات نے بھی میچ دیکھاان کے بھائی کو سیکورٹی عملے نے مین گیٹ پر روک لیا۔ جس کا کہنا ہے کہ ان کے پاس ٹکٹ نہیں تھا۔ کئی خواتین چشمے ، رنگ برنگے لباس زیب تن کئے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کررہیں تھیں۔ڈیرن سیمی آئوٹ ہوکر پویلین واپس آئے تو پورا اسٹیڈیم ان کے استقبال میں کھڑا ہوگیا، گورنر سندھ کے علاوہ کوئی دوسری اہم شخصیت میچ دیکھنے اسٹیڈیم نہیں پہنچی، بعض تماشائی کنگ آف کرکٹ، کراچی کے نعرے لگارہے تھے۔ سابق اسنوکر چیمپئن محمد یوسف تماشائیوں میں خاصےمقبول رہے ،کئی افراد نے ان سے آٹوگراف لئے اور تصاویر بنوائیں۔ اسٹیڈیم کے باہر چارلی چپلن کا روپ دھارے شخص جمعے کو بھی لوگوں کی توجہ کا مرکز رہا۔
تازہ ترین