• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جمہوریہ کوریا نے کرونا وائرس کے مزید 20کیسز کی تصدیق کر دی

سیؤل (شِنہوا) جمہوریہ کوریا نے نوول کرونا وائرس(کووڈ-19) کے مزید20کیسز کی تصدیق کی ہے جس کے بعد وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد 51ہو گئی ہے۔ کوریا کے بیماریوں کے کنٹرول اور روک تھام کے مراکز (کے سی ڈی سی) کے مطابق 20 نئے مریضوں میں سے 18دارالحکومت سیؤل سے300کلو میٹر جنوب مشرقی علاقے ڈیگو کے رہائشی ہیں۔ خیال کیا جاتا ہے کہ ملک کی 31ویں مریض جو کہ ایک61 سالہ خاتون ہیں کی وجہ سے کم ازکم 15مریض متاثر ہوئے ہیں۔ ان میں سے 14 نے اسی چرچ کی تقریب میں شمولیت کی تھی جس میں 31 ویں مریض خاتون بھی تھیں جبکہ ایک مریض کا تعلق اس اسپتال سے ہے جس اسپتال میں اس خاتون کو داخل کیا گیا تھا۔ نئے مریضوں میں 20ویں مریض کی 11سالہ بیٹی بھی شامل ہے جبکہ ایک اور نو متاثرہ 77 سالہ شخص بھی مریضوں میں شامل ہے جس نے حال ہی میں کوئی بیرون ملک دورہ نہیں کیا اور نہ ہی اس کا دوسرے مریضوں کے ساتھ کوئی براہ راست رابطہ ہوا ہے۔ تین جنوری کے بعد سے ملک میں11ہزار سے زیادہ افراد کا معائنہ کیا گیا ہے جن میں 9973 افراد کے نوول کرونا وائرس (کووڈ-19) کے ٹیسٹ کی رپورٹس منفی آئی ہیں جبکہ 1149 افراد کو زیر نگرانی رکھا گیا ہے، مکمل صحت یابی کے بعد 16مریضوں کو اسپتالوں سے فارغ کر دیا گیا ہے، صحت حکام مبینہ طور پر متعدی بیماری کے انتباہ کی سطح کو موجودہ "نارنجی" سے بڑھا کر سب سے زیادہ ’’سرخ‘‘ کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ جمہوریہ کوریا کے صدر من جے ان نے علاقائی برادریوں میں وائرس کے پھیلائو کی روک تھام کے لئے سخت اقدامات اٹھانے کا حکم دیا ہے اور حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ معیشت کی حوصلہ افزائی کے لئے ایسے حفاظتی اقدامات اٹھائیں جن کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ان سے کرونا وائرس کے پھیلائو پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
تازہ ترین