• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تھر سے کوئلہ پورٹ قاسم پہنچانے کیلئے چھور تا اسلام کوٹ 105 کلومیٹر ریلوے لائن بچھائی جائے گی

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) تھر کے کوئلے کو پورٹ قاسم اور ملک کے بالائی حصہ تک پہنچانے کے لیےچھورسے اسلام کوٹ تک 105 کلومیٹر ریلوے لائن بچھائی جائے گی یہ بات وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور چیئرمین سی پیک اتھارٹی (سی پی ای سی اے) جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کے درمیان جمعہ کے روز وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں بتائی گئی۔ ملاقاتمیں وزیر توانائی امتیاز شیخ، چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد وسیم، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو، سیکرٹری توانائی مصدق خان بھی موجود تھے۔ جنرل باجوہ کی معاونت سی پیک اتھارٹی کے انرجی اسپیشلسٹ یاسر عرفات اور انفراسٹرکچر اسپیشلسٹ مزمل ضیا نے کی۔ چیئرمین سی پیک جنرل (ر) عاصم باجوہ نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ توقع کی جارہی ہے کہ چینی صدر رواں سال مئی اور جون کے درمیان پاکستان کا دورہ کریں گے لہذا سی پیک سے متعلقہ منصوبوں کی تمام رسمی دستاویزات کا کام مکمل کیا جانا چاہئے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سی پیک سے متعلقہ فورمز میں سندھ کے تین منصوبوں، کراچی سرکلر ریلوے، چائنہ اسپیشل اکنامک زون دھابیجی اور کیٹی بندر کو پہلے ہی منظوری دے دی گئی ہے۔کے سی آر کے بارے میں بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پاکستان اور چائینز پلاننگ کمیشن کے مابین این ڈی آر سی اور پاکستان سے منسوب کردہ فریم ورک معاہدہ زیرعمل ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ چین اور پاکستان کے مابین مراعات کا معاہدہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ریلوے اور سندھ حکومت نے بھی ایم ایل ون اور کے سی آر کے مابین مشترکہ راہداری میں رائٹ آف وے کے حوالے کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ جنرل باجوہ نے کہا کہ کے سی آر منصوبہ سی پیک کی اولین ترجیح ہے۔ کے پی ٹی سب سے زیادہ آمد و رفت والی بندرگاہ بن گئی ہے لہذا ملیر ایکسپریس وے پر سمندری راستے پر ایکسپریس وے کی تعمیر کیلئے منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ اس پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کیٹی بندر ایک اہم اسٹریٹجک اور متبادل بندرگاہ بھی ہے۔ چیئرمین سی پیک اتھارٹی نے بتایا کہ تھر کے کوئلہ کو پورٹ قاسم تک پہنچانے کیلئے چھور سے اسلام کوٹ تک 105 کلومیٹر ریلوے ٹریک تیار کیا گیا ہے۔ اس ریلوے لائن کی تعمیر سے اسلام کوٹ تک رسائی ممکن ہوگی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ انہوں نے سی پیک کی ترجیحی منصوبے چائنا اسپیشل اکنامک زون دھابیجی کیلئے 1530 ایکڑ اراضی مختص کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دھابیجی زون کی جناح ٹرمینل تک رسائی ممکن ہوگی جو نیشنل ہائی وے کے ذریعہ مشکل سے 35 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے ۔

تازہ ترین