• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بی ایف اےکی ٹیموں کا اشیاء خوردونوش کے مراکز کا معائنہ

کوئٹہ(خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی عوام کو محفوظ و معیاری اشیائےخوردنوش کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ بی ایف اے کی معائنہ ٹیموں نے گزشتہ روز شہر کے مختلف علاقوں وحدت کالونی اور بروری روڈ میں قائم اشیاء خورد ونوش کے مراکز کا معائنہ کیا،دوران معائنہ ریسٹورنٹس ،ملک شاپس،جنرل اسٹورز،میٹ شاپس اور بیکریوں میں فروخت ہونے والی مختلف اشیاء کے معیار و صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا ۔ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے ابراہیم بلوچ کی ہدایت پر ڈپٹی ڈائریکٹرز آپریشن نگہت دین اور نقیب اللہ ناصر کی سربراہی میں اتھارٹی حکام نے مذکورہ مراکز کے مالکان اور ورکرز کوصفائی کے انتظامات بہتر بنانے اور غذائی اشیاء کی تیاری و فروخت حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق یقینی بنانے کی ہدایت کی ،اس حوالے سے انہیں بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے وضع کردہ معیار کے بارے آگاہی دی گئی جبکہ خصوصی ہدایت نامے بھی فراہم کئے گئے۔معائنہ کے دوران ایک پکوان ہاؤس کو صفائی کی ابتر صورتحال، ملازمین کی ذاتی صفائی نہ ہونے اور غیر معیاری اجزاء کے استعمال پر جرمانہ کیا گیا،اتھارٹی حکام نے متعدد دکانوں سے ممنوعہ و مضر صحت گٹکا برآمد کرکے قبضے میں لیا۔علاوہ ازیں معائنہ ٹیموں نے سرکی روڈ اور بڑیچ مارکیٹ میں بھی مختلف اشیاء فروخت کرنے والی دکانوں اور مشروبات وغیرہ بنانے والے پروڈکشن یونٹس کا معائنہ کیااور مذکورہ مراکز سے مختلف مشروبات و مربہ جات کے نمونے حاصل کر کے لیبارٹری ٹیسٹ کے لئے بھجوا دیئے تاکہ ان اشیاء کے معیار کا مزید تفصیلی جائزہ لیا جا سکے۔مزید برآں کارروائیوں کے دوران متعدد فوڈ پوائنٹس وغیرہ کو حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر وارننگ نوٹسز بھی جاری کئے گئے۔
تازہ ترین