• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ اگلے ماہ سے بلیو پاسپورٹ جاری کرے گا

لندن (نیوز ڈیسک) یورپی یونین سے علیحدگی کے بعد اب برطانیہ اگلے ماہ سے بلیو پاسپورٹ جاری کرے گا۔ گزشتہ3عشروں کے دوران یہ پہلا موقع ہے کہ معیاری عنابی رنگ کے بجائے اب نیلے رنگ کے پاسپورٹ استعمال کئے جائیں گے، عنابی رنگ کے پاسپورٹ 1988 سے جاری کئے جا رہے تھے۔ نئے ڈیزائن کا اجرا مارچ سے ہوگا جبکہ رواں سال کے وسط تک تمام نئے پاسپورٹ نیلے رنگ کے ہوجائیں گے، رنگ کی تبدیلی کے علاوہ نئے پاسپورٹس کی پشت پر انگلینڈ، شمالی آئرلینڈ، اسکاٹ لینڈ اور ویلز کے پھولوں کی نشانی بھی ہوگی۔ انڈیپنڈنٹ کے مطابق وزیر داخلہ پریتی پٹیل نے دعویٰ کیا ہے کہ مخصوص نیلے اور سنہرے ڈیزائن کی واپسی سے ایک دفعہ پھر برطانیہ کی شناخت اجاگر ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ یورپی یونین سے علیحدگی سے ہمیں اپنی شناخت بحال کرنے اور دنیا میں ایک نئی راہ پیدا کرنے کا منفرد موقع فراہم کیا ہے۔ پاسپورٹ کی تیاری کا ٹھیکہ متنازعہ طورپر فرانس کو دیا گیا ہے لیکن پاسپورٹ رکھنے والوں کی تفصیلات برطانیہ ہی میں درج کی جائیں گی۔ ہوم آفس کے مطابق نیا پاسپورٹ تکنیکی طورپر جدید ٹیکنالوجی کے مطابق ہوگا، جس میں ذاتی کوائف محفوظ ہوں گے۔ نیلے رنگ کے پاسپورٹ سب سے پہلے 1921 میں جاری کئے گئے تھے اوریورپی یونین میں شمولیت تک یہ نیلے رنگ کے پاسپورٹ ہی رائج تھے۔

تازہ ترین