• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرونا وائرس سے متاثرہ جہاز سے برطانوی شہریوں کو نکالنے والی پرواز تاخیر کا شکار

لندن (پی اے) برطانوی سفارت خانے نے اعلان کیا ہے کہ کرونا وائرس سے متاثرہ جاپانی جہاز سے برطانوی شہریوں کو نکالنے والی پرواز اپنی منزل پر پہنچ گئی۔ متاثرہ جہاز میں 16دن قرنطینہ میں گزارنے والےکم وبیش 70 برطانوی شہریوں کو پروگرام کے مطابق جمعہ کو وطن واپس پہنچنا تھا لیکن پرواز میں کچھ پیچیدگیاں پیدا ہونے کے سبب نئے شیڈول کے تحت شروع میں کچھ تاخیر کا شکار ہوئی برطانیہ واپس لائے جانے والے شہریوں کو ولٹ شائر کے ہوائی اڈے پر اتارا گیا ہے جہاں سے انھیں ایرووے پارک ہسپتال میں قرنطینہ میں رکھا جائے گا، ڈائمنڈ پرنسز نامی اس جہاز میں سوار 620 سے زیادہ مسافروں میں کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آچکا ہے، یہ چین سے باہر کسی جگہ کرونا سے متاثرہونے والوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ جہاز پر موجود 2 مسافروں کی، جن کی عمریں 80 سال کے لگ بھگ تھیں، کرونا وائرس کی وجہ سے موت کی تصدیق ہوگئی ہے۔ اس تفریحی جہاز پر کم وبیش 3ہزار 700 مسافر سوار ہیں، جن میں 78 برطانوی شہری شامل ہیں، ہانگ کانگ میں اترنے والے ایک شخص میں کرونا وائرس کی تصدیق کے بعد اس جہاز کو 5 فروری کو یوکوہاما میں روک لیا گیا تھا۔ جہاز میں سوار 4 برطانوی شہری بھی کرونا وائرس سے متاثر ہوئے تھے، بدھ کو 2 ہفتے قرنطینہ میں گزارنے کے بعد ان لوگوں کو وطن جانے کی اجازت دی گئی ہے ان میں وائرس کا ٹیسٹ منفی آیا تھا۔ بی بی سی کے مطابق وطن واپسی کی اجازت ملنے کے بعد مسافر اس قدر خوش تھے کہ صحافیوں نے ایک چھوٹی سی بچی کو اپنا سوٹ کیس خود گھسیٹتے دیکھا، ان لوگوں کو 14دن تک ان کے کیبن تک محدود کردیا گیا تھا اور روزانہ چند منٹ کیلئے ہی انھیں کیبن سے باہر نکلنے کی اجازت دی جاتی تھی۔

تازہ ترین