• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیکرلو لائن پر ٹیوب ڈرائیورز کی ہڑتال، مسافروں کو سفر سے گریز کا مشورہ

لندن (پی اے) مسافروں کو متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ لندن کے انڈر گراؤنڈ لائن کے ڈرائیورز کی 24 گھنٹے کی دو ہڑتالوں کی وجہ سے مصروف لندن انڈر گرائونڈ کو استعمال کرنے سے گریز کریں۔ بیکر لو لائن ڈرائیورز ٹائم ٹیبل کی تبدیلیوں کے تنازع پر ہفتہ کی شب 11:59 جی ایم ٹی اور اتوار کی دوپہر کے وقت واک آؤٹ کریں گے۔ ٹرانسپورٹ فار لندن (ٹی ایف ایل) نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ لائن پر اپنے تمام سفر بارہ بجے تک مکمل کرلیں، کیونکہ پھر مکمل سروسز منگل تک دستیاب ہونے کی توقع نہیں ہے۔ یہ ایکشن صرف ایک لائن پر کیا جا رہا ہے، تاہم دوسری لائنوں پر انجینئرنگ ورک متاثر ہوگا۔ ریل میری ٹائم اینڈ ٹرانسپورٹ ورکرز (آر ایم ٹی) یونین نے کہا کہ ناقابل عمل ٹائم ٹیبل تبدیلیوں سے ٹرین ڈرائیوروں پر پڑنے والے اثرات کی وجہ سے اس نے ہڑتال کی کال دی ہے۔ یونین کے جنرل سیکرٹری مک کیش نے کہا کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ آپ ٹیوب ڈرائیورز پر ناقابل برداشت دباؤ اور بوجھ نہیں ڈال سکتے، جس سے ان کے حفاظت سے متعلق اہم کردار پر انداز پڑے۔ ٹی ایف ایل کے مطابق 24 گھنٹے کی دو ہڑتالوں کا مطلب یہ ہے کہ پیر کی شام تک بہت کم یا کوئی ریل سروسز اس لائن پر دستیاب نہیں ہوگی۔ لندن انڈر گراؤنڈ کے لائن آپریشنز کے ڈائریکٹر نک ڈینٹ نے ڈرائیورز کے دو واک آئوٹ سے ہونے والے غیر ضروری تعطل پر معذرت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں آر ایم ٹی سے گزارش کروں گا کہ وہ ان معاملات کو حل کرنے کے لئے باہمی تعاون سے کام جاری رکھیں۔ کئی دیگر ٹیوب لائنز پر انجینئرنگ ورک کی وجہ سے اتوار کو دارالحکومت میں سفری خلل میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ دی سرکل، ہیمرز سمتھ اینڈ سٹی اور میٹروپولیٹن لائنز سینٹرل لندن میں نئے سنگلنگ سسٹمز کو چیک کرنے کی وجہ سے بند رہیں گی جبکہ ناردرن لائن کننگٹن اور مورگیٹ کے درمیان بنک سٹیشن اپ گریڈ کام کی وجہ سے نہیں چلائی جائے گی۔
تازہ ترین