• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حضرت فاطمہ الزہراؓ کی سیرت مشعل راہ ہے، پیر عبدالقادر

مانچسٹر (نمائندہ جنگ) حضرت سیدہ فاطمتہ الزہراؓ کا مقام تمام جہانوں کی عورتوں سے بلند اور آپؓ کی سیرت مشعل راہ ہے جو ہوبہو سیرت مصطفیؐ ہے۔ سرور عالم علیہ الصلوٰۃ و السلام آپؐ کا کھڑے ہوکر استقبال فرماتے۔ نیز ارشاد نبویؐ ہے کہ جس نے فاطمتہؓ کو راضی کیا، اس نے مجھے راضی رکھا اور جس نے فاطمتہؓ کو ناراض کیا، اس نے میری ناراضگی مول لی۔ ان خیالات کا اظہار علامہ ڈاکٹر پیر سید عبدالقادر شاہ جیلانی نے آسٹن انڈر لائن میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ راجہ عبدالحمید قادری مرحوم کے سالانہ عرس کی تقریب منعقد ہوئی جا میں اہل سنت کے علما و مشائخ اور عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ پروفیسر سید احمد حسین شاہ ترمذی نے کہا کہ اللہ کے لیے کسی سے محبت و نفرت اور اللہ ہی کی رضا کے لیے اپنے مال کو خرچ کرنا اور بے محل خرچ سے اجتناب کرنا مکمل ایمان والا ہونے کی علامت ہے اور یہ صفات عالیہ راجہ عبدالحمید قادری میں بدرجہ اتم پائی جاتی تھیں۔ نیز اہل بیت رسولؐ کی محبت ہی نجات کا ذریعہ ہے۔ مفتی محمد خان قادری نے کہا کہ اصحاب رسولؐ کی تعظیم و تکریم اور آل نبیؐ سے وفا ہی سچے مومن کی نشانی ہے۔ پیر خلیفہ عبدالرحمن قادری نے کہا کہ آج کے پرفتن دور میں اہل بیت رسولؐ سے محبت واطاعت ا کی اہمیت اور بڑھ گئی ہے اور یہی کشتی نوحؑ کی مانند ہیں، جس کے بغیر نہ دنیا میں صلاح حیات ہے، نہ آخرت میں بخشش و نجات ہے۔ علامہ سید زین العابدین شاہ نے حضرت غوث الواری کی منقبت پیش کی۔ حافظ صاحبزادہ سید محمد حیدر ترمذی، صوفی محمد حسین، طارق قادری، شہباز اویسی، اشفاق وارثی، قای محمد سبطین، بلال سہروردی، پیر سید عثمان علی شاہ، پیر سید حسنین شاہ بخاری نے بارگاہ رسالت و آل رسالت میں منظوم ہدیہ عقیدت پیش کیا۔ جناب راجہ سہیل حمید قادری نے جملہ شرکا کے لیے پرتکلف ضیافت کا اہتمام کیا تھا۔ محفل کے اختتام پر ڈاکٹر پیر سید عبدالقادر شاہ جیلانی نے پوری ملت اسلامیہ کے اتحاد، کشمیر و فلسطین کی مکمل آزادی، پاکستان کے استحکام و ترقی کے لیے اجتماعی دعا کروائی۔ محفل کی نقابت مفتی محمد خان قادری نے کی۔ جبکہ پیر سید حسنین شاہ بخاری نے تلاوت کلام حکیم سے بابرکت محفل کاآغاز کیا۔
تازہ ترین