• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ میں 20پاؤنڈوالے نوٹ ختم کرنے کا عمل شروع

لندن(پی پی آئی)برطانیہ میں بینک آف انگلینڈ 40 ارب پاؤنڈ مالیت کے 20پاؤنڈوالے نوٹ ختم کرنے کا عمل شروع کر رہا ہے۔ ان نوٹوں کی جگہ پولیمر کے بنے 20 پاؤنڈ والے نوٹ لے لیں گے۔اس عمل کے دوران کاغذ کے تقریباً 2ارب نوٹ سرکولیشن سے نکالے جائیں گے اور ان کو کھاد میں تبدیل کر دیا جائے گا۔برطانیہ کے دو تہائی نوٹوں کی ذمہ دار ’جی 4 ایس‘ سے تعلق رکھنے والے مارک سانڈرز نے بتایا کہ یہ ایک بہت بڑی کارروائی ہو گی لیکن عوام کو شاید اس کا پتہ بھی نہ چلے۔2 ارب نوٹوں کی تبدیلی برطانوی تاریخ میں اپنی نوعیت کی سب سے بڑی کارروائی ہو گی۔ اکانومسٹ ایڈم اسمتھ کی تصویر والے 20 پاؤنڈ کے نوٹ گردش سے نکالے جا رہے ہیں۔ اس کا مطلب ہے جو 20 پاؤنڈ کا نوٹ بینکوں کو یا دکانداروں کی طرف سے کیش سنٹروں کو دیا جائے گا دوبارہ استعمال نہیں ہو گا۔اس کارروائی میں کئی ماہ لگیں گے۔ لیکن جب نوٹوں کی ایک قابل ذکر تعداد سرکولیشن سے نکل جائے گی تو بینک آف انگلینڈ باقی نوٹوں کی واپسی کے لیے چھ مہینے کا نوٹس دے گا۔ اس سے پہلے 2007 میں 20 پاؤنڈ کا نوٹ تبدیل ہوا تھا۔لندن کی ایک گلی میں ایک انتہائی محفوظ گودام میں نوٹ چھانٹنے کی دو بہت بڑی مشینیں ہیں جو منٹوں میں ہزاروں نوٹ گن سکتی ہیں۔ ان مشینوں پر ایک سیکنڈ میں 33 نوٹ چھانٹی کیے جا سکتے ہیں۔ ۔1990 تک بینک آف انگلینڈ پرانے نوٹوں کو جلا کر اپنی عمارتوں کو گرم رکھنے کے لیے استعمال کرتا تھا۔20 پاؤنڈ کے نئے نوٹ پرانے نوٹوں سے سائز میں چھوٹے ہیں اور اسی وجہ سے ملک بھر میں ہزاروں اے ٹی ایم مشینیں کو بھی تبدیل کرنا پڑا ہے۔
تازہ ترین