• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہداء ہمارا فخر ہیں، دہشت گردی کیخلاف جنگ، نتائج خطے کے امن کی صورت میں نکلیں گے، آرمی چیف

دہشت گردی کیخلاف جنگ، نتائج خطے کے امن کی صورت میں نکلیں گے، آرمی چیف


اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے نتائج خطے میں امن کی صورت میں نکلیں گے ، دہشتگردی سے سیاحت تک کے سفر میں قوم کی مکمل حمایت حاصل رہی، فوج ملک کی خود مختاری کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے تیار ہے۔

دہشتگردی کے بیانیے کو شکست دینے پر قوم کو سلام اورتمام شہداءکو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے دہشتگردی کیخلاف شروع کئے گئے آپریشن ردالفساد کے تین برس مکمل ہونے پر اپنے ایک بیان میں کیا ۔

 آئی ایس پی آر کی جانب سے ہفتہ کو جاری سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں ڈی جی آئی ایس پی آرمیجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ دہشت گردی سے سیاحت تک کے سفر میں سیکورٹی فورسز کو قوم کی مکمل حمایت حاصل رہی۔

اس حوالے سے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ افواج پاکستان ملک خودمختاری اور سیکیورٹی کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے تیا ر ہے،دہشت گردی کے مکمل خاتمے سے پاکستان اور خطے میں امن و استحکام آئے گا،انسداد دہشت گردی کی دو دہائیوں کی کامیابیوں کو مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ دہشت گردی کے بیانیے کو شکست دینے پر قوم کو سلام پیش کرتے ہیں،تمام شہداءکو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔اس جنگ میں کامیابی کے لئے جان و مال کی قربانی دینی پڑی۔

دہشت گردی سے سیاحت تک کے سفر میں سیکورٹی فورسز کو قوم کی مکمل حمایت حاصل رہی۔پاکستان کی سرحدی سیکورٹی بھی یقینی بنانا بھی اس آپریشن کا حصہ تھا۔

آپریشن تمام دہشت گردوں اور ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف بلاتخصیص شروع کیا گیا تاکہ گذشتہ تمام آپریشنز میں حاصل کی گئی کامیابیوں کو یکجا کیا جائے اور پاکستان کے بارڈرز کو اور پاکستان کی اندرونی طور پر سکیورٹی کو محفوظ بنایا جاسکے ۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز اور انٹیلیجنس ایجنسیز نے بے مثال کردار ادا کیا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پوری پاکستانی قوم کی حمایت سے بھاری جانی اور مالی قربانیاں دے کر شاندار کامیابی حاصل کی گئی ہے۔ 

دہشت گردوں کے نظریہ کو شکست دینے اور پاکستانی مسلح افواج کی غیر متزلزل حمایت پر ہم اپنی قومی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ 

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ہم اپنے شہیدوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو کہ ہمارے اصل ہیروز ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے شہید ہمارا فخر ہیں۔ 

ملک بھرمیں آپریشن ردالفساد کے تحت ایک لاکھ 49 ہزارسے زائد انٹیلی جینس آپریشنزکیے گئے۔آپریشن ردالفساد کے تحت 22 فروری 2017 سے 2020ء تک کل 3 ہزار 800 سے زائد خطرات کے انتباہ جاری ہوئے، سیکیورٹی فورسز، انٹیلی جنس اداروں نے دہشتگردوں کے 400 سے زائد مذموم منصوبے ناکام بنائے، فوجی عدالتوں نے 344 دہشتگردوں کو سزائے موت دی ، 301 کو مختلف دورانیے کی سزائیں جب کہ 5 کو بری کیا گیا۔

پاک، افغان سرحد پر 2611 کلومیٹر میں سے 1450 کلومیٹر پر باڑ کی تنصیب مکمل کر لی گئی ہے، سرحدی باڑ کے ساتھ 843 حفاظتی قلعوں میں سے 343 مکمل، 161 زیر تعمیرہیں۔ 

دوسری جانب بھارتی قابض فورسز 2017 سے فائر بندی کی 8 ہزار سے زائد خلاف ورزیاں کرچکیں۔

پاکستان میں کھیل، سیاحت، غیرملکی سیاح، کھلاڑی سب واپس آنے لگے، پاکستان میں بدھ مت، ہندو، سکھ مذاہب کے پیروکاروں کی جوق درجوق آمد بھی امن کا پیام ہے، کبڈی ورلڈ کپ، سری لنکا، بنگلہ دیش کرکٹ ٹیموں کی آمد نے ثابت کیا کہ پاکستان امن کا دیس ہے۔

تازہ ترین