• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دورہ بھارت، ٹرمپ مذہبی رواداری، شہریت بل اور پاک بھارت کشیدگی پر بات کریں گے، وائٹ ہاؤس

دورہ بھارت، ٹرمپ مذہبی رواداری، شہریت بل اور پاک بھارت کشیدگی پر بات کریں گے، وائٹ ہاؤس


واشنگٹن(نیوز ایجنسیاں ) وائٹ ہاؤس کے سینئر حکام نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ دورہ بھارت کے دوران مسئلہ کشمیر پر بات کر سکتے ہیں، ٹرمپ مودی کو متنازع شہریت قانون پر امریکی تشویش سے بھی آگاہ کرینگےجبکہ مذہبی رواداری اور پاک بھارت کشیدگی پر بھی بات کرینگے۔ 

ٹرمپ انتظامیہ کے اعلی عہدیداروں کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ دورہ بھارت میں نئی دہلی اور اسلام آباد کے درمیان کشیدگی میں کمی اور دوبارہ مذاکرات شروع کرنے کی حوصلہ افزائی کریں گے، وہ وزیراعظم نریندر مودی کو شہریت کے نئے متنازع قانون اور شہریوں کی قومی رجسٹریشن کے معاملے پر امریکی تشویش سے بھی آگاہ کریں گے۔

امریکی حکام کے مطابق صدر دونوں ممالک کو اپنے اختلافات دو طرفہ مذاکرات کے ذریعے طے کرنے پر زور دیں گے۔ وائٹ ہاس کے مطابق صدر ٹرمپ پاکستان اور بھارت پر زور دیں گے کہ وہ کنٹرول لائن پر امن اور استحکام کے لیے کام کریں، ایسے اقدامات اور بیانات سے گریز کریں جن سے علاقے میں کشیدگی بڑھے۔

وائٹ ہاؤس انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ امریکی صدر دورہ بھارت کے دوران نہ صرف اقتصادی اور فوجی صلاحیت بڑھانے پر بات کریں گے بلکہ وہ مودی سرکار پر زور دیں گے کہ قانون کی بالادستی یقینی بنائی جائے اور تمام مذاہب کے افراد کے ساتھ برابری کا سلوک روا رکھا جائے۔

تازہ ترین